اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کہتے ہیں کہ سیاستدانوں نے ملک کو آئین اور ایٹم بم دیا کرپشن تو آمریت کی پیدا وار ہے۔


پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ وہ وزیراعظم نوازشریف نہیں جمہوریت کو بچانے کی بات کررہے ہیں۔ ملک کو آئین اور ایٹم بم سمیت سب کچھ سیاست دانوں نے دیا، وہ سمجھتے ہیں کہ سیاست دانوں کا احتساب انتخابات کے ذریعے ہونا چاہیئے۔ وزیراعظم نواز شریف کی ناکامی دیگر سیاسی جماعتوں کو آئندہ انتخابات میں کامیابی دے گی۔ 

ایم کیو ایم کے استعفوں سے متعلق پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی میرٹ پر ڈٹ جانے والے انسان ہیں، ایم کیو ایم کے استعفوں پر وہ کیا رولنگ دیں گے کچھ کہہ نہیں سکتے۔ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، ایم کیوایم کے استعفوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کا اسپیکر اور سیاستدانوں کو نوٹس دینے کی خبریں ہیں لیکن انہیں اب تک نوٹس نہیں ملا ، اگر عدالت نے انہیں بلایا تو وہ ضرور جائیں گے۔

کسان پیکیج پر خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت نے زرعی شعبے کو تباہ کر دیا، سندھ حکومت کے پاس آج بھی گندم کی ایک کروڑ60 لاکھ بوریاں پڑی ہیں،حکومت کا کسان پیکیج جھوٹ کا پلندہ ہے جسے ہم رد کرتے ہیں، کسان پیکیج اتنا پیچیدہ ہے کہ وزیراعظم خود بھی اسے سمجھ نہیں سکتے، وزیراعظم نواز شریف اگر مخلص ہیں تو وہ کسانوں کوامدادی قیمت دیں، کسان پیکیج حکومت کو بلدیاتی انتخابات میں نقصان پہنچائے گا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ آرمی چیف کے پوسٹرزاوربینرزسےکسی کوپریشان نہیں ہوناچاہیے، عوام ان سے محبت میں ایسا کر رہے ہیں جب کہ آرمی چیف اچھا کام کر رہے ہیں تو ان کی حمایت بھی کرنا چاہیئے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours