انگلینڈ کے بیٹسمین ایئن بیل کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے لیجنڈ کرکٹر مہیلا جے وردھنے انگلش ٹیم کے کنسلٹینٹ کوچ کی حیثیت سے ٹیم کے ریکارڈ کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔

سری لنکا کے معروف بیسٹمین مہیلا جے وردھنے پاکستان کے خلاف ابوظہبی میں 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلش ٹیم کی رہنمائی کریں گے۔

33 سالہ ایئن بیل نے جے وردھنے کی تقرری کو انگلش ٹیم کے لیے ’بہترین‘ قرار دیا۔

بیل کا کہنا تھا: ’جس چیز کو ہم بہتر کرنا چاہتے ہیں وہ برصغیر میں بہترین ہوتی ہے اور وہ اب تک کے سب سے بہترین بیٹسمین ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جے وردھنے کی وجہ سے انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ایڈوانٹیج حاصل ہو گا۔

انھوں نے مزید کہا: ’میں جے وردھنے کے دماغ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہوں گا اور اپنے کھیل میں مزید بہتری لانے کی پوری کوشش کروں گا۔‘

انگلینڈ پاکستان کے خلاف سنہ 2012 میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی سیریز تین صفر سے ہارا تھا تاہم بیل کو امید ہے کہ اس بار انگلینڈ کے پاس زیادہ بہتر آپشن ہیں کیونکہ ایلکس ہیلز یا معین علی انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں۔

انگلش بیٹسمین کے بقول: ’میرے تجربے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں آپ کو لچکدار ہونا پڑتا ہے، آپ کو وہاں مختلف کرکٹ کھیلنی ہوتی ہے۔‘

خیال رہے کہ 38 سالہ جے وردھنے سری لنکا کی جانب سے 149 ٹیسٹ میچوں میں 11,814 اور 448 ایک روزہ میچوں میں 12,650 رنز بنا چکے ہیں۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours