ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا ہے کہ بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل ﷲ نے کہا کہ بھارت کی طرف سے اپنائے گئے موقف اور زمینی حقائق میں بہت فرق ہے جب کہ ملکوں کے تعلقات میں بعض معاملات پر اختلاف رائے معمول کا حصہ ہوتا ہے تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے رواں ماہ کی 30 تاریخ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنا ہے تاہم بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے ساتھ ان کی ملاقات کے حوالے سے ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔

قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام رکن ملکوں کے اتفاق رائے سے اقوام متحدہ میں اصلاحات کا خواہاں ہے تاہم وہ سلامتی کونسل میں نئے مستقل ارکان کی شمولیت کی مخالفت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی عدم پھیلاؤ کے اہداف کے حصول کے لئے پرعزم ہے اور وہ نیوکلئیر سپلائرز گروپ میں شمولیت کا خواہشمند ہے جب کہ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان سرحد کو پرامن رکھنے کے لیے اقدامات پر بات چیت کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور پرامن نمازیوں پر اسرائیلی تشدد کی مذمت کرتا ہے جب کہ انہوں نے 1967 سے قبل کی سرحد پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس ہو، کے لئے پاکستان کے موقف کا اعادہ بھی کیا۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours