بچوں کا پسندیدہ ٹیلی ویژن پروگرام ’سیسمی سٹریٹ‘ 25 سال کے وقفے کے بعد دوبارہ مشرق وسطیٰ میں عربی زبان میں نشر کیا جائے گا۔یہ امریکی تعلیمی اور تفریحی پروگرام 1978 سے عربی زبان میں نشر ہونا شروع ہوا تھا۔ لیکن سنہ 1990 میں خلیجی جنگ کے دوران اسے روک دیا گیا۔عربی چینل گلف نیوز کے مطابق ’افتح یا سم سم،‘ یعنی ’کھل جا سم سم‘ مشرق وسطیٰ کے منفرد کرداروں کے ساتھ خطے میں دس چینلوں پر نشر کیا جائے گا۔شو کا دوبارہ آغاز ہونے میں طویل وقت لگا۔ مذاکرات تو مبینہ طور پر سنہ 2010 سے چل رہے تھے۔ پھر چار سے آٹھ سال کے بچوں کے لیے عربی زبان میں ریاضی اور دیگر موضوعات کا تعلیمی نصاب بنانے میں دو سال لگے۔ابوظہبی میں مقیم شو کی پروڈکشن کے مرکز کی انتظامی سربراہ نورا الکابی نے اخبار ’دا نیشنل‘ کو بتایا: ’ہمارے بچوں کو ایسے مواد کی ضرورت ہے جو ان کی ثقافتی اقدار کو مدِنظر رکھتے ہوئے ان کی خاص ضرورتوں کے لیے بنایا گیا ہو۔‘ناظرین فیس بک، انسٹا گرام اور یوٹیوب کے ذریعے بھی پروگرام میں حصہ لے سکیں گے۔پروگرام کے خالق ادارے ’چلڈرنز ٹیلی ویژن ورکشاپ‘ کا کہنا ہے کہ ’افتح یا سم سم‘ پورے مشرق وسطیٰ میں ساڑھے چار کروڑ ناظرین تک پہنچ سکتا ہے۔تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ شو کا سب سے اہم حصہ اس کا پر امن پیغام ہے جو بچوں کے دیگر پروگراموں میں نہیں ملتا۔
ابوظہبی ایجوکیشن کونسل کی ترجمان امل القبيسي نے کہا: ’بچوں کے کئی پروگرم ہماری ثقافت سے مناسبت نہیں رکھتے اور کچھ تو تشدد کو بھی ہوا دیتے ہیں۔‘انھوں نے کہا: ’اس شو سے ہمارے بچوں میں نہ صرف کلاسیکی عربی سیکھنے کا رجحان پیدا ہو گا بلکہ انھیں سماجی آگہی بھی دے گا۔‘
Post A Comment:
0 comments so far,add yours