حیدر آباد: بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ وہ لوگوں کی تنقید کی پرواہ نہیں کرتیں اور صرف اپنے کھیل پر توجہ دیتی ہیں جس کے باعث وہ نمبر ون ہیں۔
یوایس اوپن ٹینس چیمپیئن شپ ڈبلز ٹائٹل کی فتح کے بعد نیویارک سے بھارت واپسی پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے کہا کہ انہیں چند لوگوں کی ناپسندیدگی کی کوئی پرواہ نہیں کیونکہ بھارتیوں کی اکثریت ان سے محبت کرتی ہے جب کہ وہ اخبار کم پڑھتی ہیں اور صرف اپنے کھیل پر توجہ دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خوش نصیب ہیں کہ بہترین پرفارمنس کے بعد فتح سمیٹ کر ہی واپس آتی ہیں۔
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا کامیابیوں کے علاوہ تنازعات میں گھری رہتی ہیں اور حال ہی میں ان کو کھیل رتنا ایوارڈ دینے کے فیصلے کے خلاف ایک کھلاڑی نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے جبکہ انہیں تیلنگانا نامی ایک نئی بھارتی ریاست کا سفیر بنانے پر بھی ایک سیاستداں نے اعتراض کیا ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours