اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے جون کے لیے 2 روپے 19 پیسے جب کہ جولائی کے لئے 2 روپے 14 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنےکی منظوری دے دی۔
نیپرا نے سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے جون کے لئے فی یونٹ بجلی 2روپے 19 پیسے سستی کرنے کی درخواست کی سماعت کی، درخواست میں کہا گیا کہ جون کے مہینے میں 9 ارب 92 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس پر 46ارب روپے کے اخراجات آئے، پانی سے 40فیصد، فرنس آئل سے25فیصد ، گیس سے 27فیصد جب کہ نیوکلیئر ذرائع سے 4فیصد بجلی بنائی گئی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مطابق جون میں پانی سے 3ارب 97کروڑ یونٹ بجلی بنائی گئی، فرنس آئل سے 2ارب 48کروڑ یونٹ جب کہ گیس سے 2ارب 72کروڑ یونٹ بجلی بنائی گئی۔ جون میں ڈیزل سے بنائی گئی بجلی کا فی یونٹ 15روپے 62پیسے میں پڑا، فرنس آئل سےبجلی کا فی یونٹ 10روپے 92پیسے میں حاصل کیا گیا، گیس سے5روپے 70پیسے میں فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔
اس کے علاوہ نیپرا نے جولائی کے لیے 2روپے 14پیسے کمی کی درخواست بھی منظور کرلی۔ چیرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ اوگرا کی جانب سے قیمت مقرر ہونے تک ایل این جی سے بنی بجلی کی فیول ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوسکتی۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours