لاہور: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 پر ضمنی انتخاب کے لئے تحریک انصاف کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے سردار ایاز صادق کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب صدیقی کی جانب سے این اے 122 پر ریٹرننگ افسر کے روبرو اعتراض جمع کروایا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ایاز صادق کو الیکشن ٹریبونل کی جانب سے 25لاکھ روپے جرمانہ کیا گیاہے جو انہوں نے ادا نہیں کیا اور نہ ہی انہوں نے حکم امتناعی لیا ہے۔ ایاز صادق آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے اس لئے انہیں نااہل قرار دیاجائے۔
تحریک انصاف کی طرف سے ایاز صادق پر یہ بھی اعتراض لگایا گیا تھا کہ ان کی جانب سے ایف بی آر کے اندر جمع کرائے گئے اثاثوں کی تفصیلات اور الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے کاغذات میں اثاثوں کی تفصیلات میں فرق ہے، اس لئے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔
الیکشن کمیشن نے فریقین کے موقف سننے کے بعد تحریک انصاف کے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے۔
الیکشن کمیشن کے دفترکے باہرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے ایاز صادق کے بیٹے علی ایاز نے کہا کہ وہ این اے122 میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور لاہور کے شہریوں کو مبارکباد دیتے ہیں کہ سردارایازصادق کےکاغذات منظورہوگئے ہیں، عمران خان اورعبدالعلیم خان اب کوئی اورحربہ ڈھونڈیں۔ سردار ایاز صادق عمران خان کے خلاف الیکشن لڑنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ اس سے پہلے بھی انھیں 2 مرتبہ شکست دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ این اے 122 پر 2013 کے عام انتخابات میں عمران خان کے مقابلے میں ایاز صادق کامیاب قرار پائے تھے تاہم الیکشن ٹریبونل نے ان کی کامیابی کالعدم قرار دیتے ہوئے دوباہ انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours