پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں آل راؤنڈر محمد حفیظ کو باؤلنگ کی اجازت دے دی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جولائی میں محمد حفیظ پر ایک سال کی پابندی عائد کی تھی لیکن پاکستانی آل راؤنڈر عالمی سطح پر پابندی کے باوجود ڈومیسٹک مقابلے میں باؤلنگ کریں گے۔

عالمی پابندی کے باوجود حفیظ ڈومیسٹک سطح پر باؤلنگ کرانے کے اہل ہیں اور ایک آئی سی سی آفیشل کے مطابق پابندی کا شکار باؤلر مقامی بورڈ کی اجازت سے ڈومیسٹک مقابلوں میں باؤلنگ کر سکتا ہے۔

حفیظ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں لاہور وائٹس کی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ان کی ٹیم آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد کے خلاف پہلا میچ کھیل رہی ہے۔

حفیظ کا ایکشن پہلی بار گزشتہ سال نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں رپورٹ ہوا تھا اور پھر ٹیسٹ میں ان کے بازو میں مقررہ حد سے زیادہ خم ثابت ہونے کے بعد ان پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

تاہم رواں سال اپریل میں چنئی میں ٹیسٹ کے دوران انہوں نے اپنا ایکشن درست ثابت کردیا تھا لیکن جون میں سری لنکا کے خلاف سیریز میں ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہوا اور ایکشن مشکوک ثابت ہونے پر ان پر 12 ماہ کی پابندی عائد کردی گئی۔

اب حفیظ 12 ماہ کی پابندی کے اختتام سے قبل دوبارہ اپنے ایکشن کے معائنے کی درخواست نہیں کر سکتے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours