میڈیا لاجک کے چیف ایگزیکٹو سلمان دانش 
لاہور: پاکستان میں ٹی وی چینلز کی ریٹنگ طے کرنے والے ادارے میڈیا لاجک کے چیف ایگزیکٹو سلمان دانش نے ایکسپریس میڈیا گروپ پر اپنی ریٹنگ بڑھانے کے لیے میڈیا لاجک کے بعض لوگوں کو خریدنے کا الزام عائد کیا ہے.

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان دانش کا کہنا تھا کہ انہیں مارچ میں پتہ چلا کہ ایک مخصوص ٹی وی چینل کی ریٹنگ بڑھ رہی ہے اور مزید تحقیقات پر یہ بات سامنے آئی کہ میڈیا لاجک کے کچھ ملازمین اس ٹی وی چینل کےپےرول پر ہیں۔

سلمان دانش کے مطابق میڈیا لاجک کے کچھ ورکرز نے نجی چینل سے مل کر دوسرے چینلز کو مالی نقصان پہنچایا جس پر تینوں کے خلاف گلبرگ تھانا میں مقدمہ درج کروایا جب کہ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کو شکایت درج کروانے کے ساتھ ساتھ ثبوت بھی پیش کیے ۔

ان کا کہنا تھا کہ تین افراد گرفتار کیا جا چا ہے جب کہ باقی ابھی تک فرار ہیں۔

سلمان دانش نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن سے ایکسپریس میڈیا گروپ کے خلاف کاررروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان کی کمپنی چینل کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کرے گی۔

دوسری جانب ایکسپریس گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ میڈیا لاجک نے ان سے ریٹنگ بڑھانے کے لیے 45 کروڑ روپے رشوت طلب کی جسے دینے سے انکار پر اپنے ہی ملازمین کو ایکسپریس کے خلاف بیان دینے پر مجبور کیا.

ایکسپریس گروپ نے اپنے انگریزی اور اردو روزنامے میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ میڈیا لاجک کی ایک ملازم شائستہ نے ایکسپریس کے خلاف بیان دینے سے انکار کیا جس پر اسے بھی ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی.

تاہم میڈیا لاجک کے مالک سلمان دانش نے کہا ہے کہ ایکسپریس گروپ کی میڈیا لاجک کے خلاف جاری مہم سراسر غلط ہے کیونکہ انہوں نے اس کارروائی میں پہلے ہی دن سے دیگر چینلز کے مالکان کو اعتماد میں لے لیا تھا۔

سلمان دانش نے اس موقع پر کچھ بینک ڈافٹ اور چیک بھی میڈیا کو دکھائے جن کے ذریعے مبینہ طور پر میڈیا لاجک کے ملازمین کے اکاؤنٹ میں ایکسپریس نے رقوم منتقل کیں جب کہ خفیہ طور پر ریکارڈ کی گئی ویڈیو بھی پیش کی.

انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کا ایک بین الاقوامی کمپنی سے آڈٹ بھی کروایا گیا ہے جس کی رپورٹ پی بی اے کو موصول ہو چکی ہے اور کارروائی کا اختیار بھی انہی کے پاس ہے.
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours