جنوب مشرقی ایشیائی ممالک بالخصوص انڈونیشیا، سنگاپور اور ملائشیا کے بعض حصے، شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، جس کے باعث ہوائی سفر میں تعطل اور اسکولوں میں تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ آخر اس دھند کی وجہ کیا ہے؟
دھند کی ایک وجہ جنگلات کی صفائی کے لیے آگ لگانے کا عمل بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انڈونیشیا نے ایسے افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو یہ کام کرتے ہیں۔
جنوب مشرقی ایشیا میں یہ مسئلہ کئی برسوں سے رہا ہے۔ انڈونیشیا کے سماٹرا اور کالی منتن کے جزیروں پر آگ لگانے کا عمل سالوں سے جاری ہے، اور اس کی وجہ سے وقتاً فوقتاً جزیروں کے اوپر دھند کی ایک گہری چادر تن جاتی ہے۔ جنوبی مشرقی ایشیا کی حکومتیں اس کے سدباب کے لیے اب تک کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کر پائی ہیں۔
'ایل نینو ایفیکٹ‘
تاہم اس برس آگ کی شدت میں ’ایل نینو ایفیکٹ‘ کا بھی دخل ہے۔ یہ ایفیکٹ، یا اثر، خشک موسم کی طوالت کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے جو کہ سطح پر موجود نمی کو ختم کر دیتا ہے۔ اس اثر سے آگ بھڑکنے کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے۔
وزیر برائے سیاسی، قانونی اور سلامتی امور لوہوت پندجیتن کے بہ قول، ’’آگ کا مسئلہ پریشان کن حد تک بڑھ گیا ہے۔ ہمارے پڑوسی ملک کئی برسوں سے احتجاج کر رہے ہیں۔ ہم ٹھیک سے کام نہیں کر رہے۔‘‘
انڈونیشا کے صدر جوکو ویڈوڈو، جو کہ اس وقت مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں، نے پیر کے روز ملکی حکام کو آگ بجھانے اور ان کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے جو جنگلات صاف کر کے زمین حاصل کرنے کے لیے آتش زدگی کے عمل میں ملوث ہیں۔
قریباً تین ہزار سکیورٹی اہل کاروں، سترہ ہیلی کاپٹروں اور طیاروں کو آگ بجھانے کے کام کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
صحت کے مسائل
اطلاعات کے مطابق مضر صحت دھوئیں اور دھند سے صرف انڈونیشیا کے ریاؤ صوبے میں چھبیس ہزار افراد سانس کی بیماریوں کا شکار ہو گئے ہیں۔
ملائشیا اور سنگاپور میں بھی لوگ بیماریوں کا شکار ہو گئے ہیں اور ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔ سنگاپور میں اگلے ہفتے فارمولا ون کار ریسنگ مقابلے کا آغاز ہونا ہے، اور دھند کے باعث اس کے التوا کا خطرہ ہو گیا ہے۔
چین میں بھی دھند ایک مسئلہ پیدا کیے رہتی ہے۔ تاہم چین کے بڑے شہروں میں یہ دھند آگ کی وجہ سے نہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے سبب ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours