لندن: انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ہونے والی سیریز کیلئے اپنی ٹیموں کا اعلان کردیا ہے جہاں ٹیسٹ اسکواڈ میں پہلی مرتبہ اوپنر ایلکس ہیلز اور ظفر انصاری کو شامل کر لیا گیا ہے۔

پاکستان کے خلاف اکتوبر نومبر میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز کیلئے انگلش ٹیم نے ممکنہ اسپن کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے اسکواڈ میں معین علی اور عادل راشد کے ساتھ آل راؤنڈر ظفر انصاری کو بطور تیسرا اسپنر شامل کیا ہے۔

اوپنرز کے حوالے سے شش و پنج میں مبتلا انگینڈ نے ایلکس ہیلز کو پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا ہے جبکہ جیمز ٹیلر کو بھی تین سال بعد ٹیسٹ میچوں کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

انگلینڈ نے ٹیسٹ میچوں کیلئے 16 رکنی جبکہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی دستوں کا اعلان کیا ہے۔

انگلش چیف سلیکٹر جیمز وٹکر نے کہا کہ پاکستان کے خلاف اپنے مختلف چیلنج کا سامنا ہو گا اور ہمارے اسکواڈ کی تشکیل اس بات کی عکاس ہے کہ ہمیں متحدہ عرب امرات میں کس طرح کی کنڈیشنز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ظفر انصاری کی صلاحیتوں نے ہمیں متاثر کیا اور ڈومیسٹک سطح پر بیٹ اور بال سے شاندار کارکردگی کے بعد ہمیں امید ہے کہ وہ معین اور عادل سخت مسابقت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایلکس ہیلز نے فرسٹ کلاس میں ناٹنگھم شائر کیلئے بہت زیادہ رنز اسکور کیے اور وہ ہماری ٹیسٹ ٹیم میں جگہ پانے کے مستحق تھے۔

جیمز نے بین اسٹوکس کو ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل نہ کرنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سیزن میں انہوں نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا اور ان پر کارکردی کا کافی دباؤ تھا لہٰذا ہم نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کو دیکھتے ہوئے انہیں ٹیسٹ میچوں کے بعد ایک روزپ اور ٹی ٹوئنٹی میں آرام کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ انگلش سلیکٹر نے اعلان کیا کہ پال کولنگ وڈ اور سابق سری لنکن کپتان مہیلا جے وردنے بحیثیت کنسلٹنٹ انگلش ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ، چار ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 13 اکتوبر سے ابوظہبی میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ سے ہو گا۔

تینوں فارمیٹ کیلئے انگلینڈ کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

ٹیسٹ: ایلسٹر کک(کپتان)، معین علی، جیمز اینڈرسن، ظفر انصاری، جو روٹ، جونی بیئراسٹو، آئن بیل، اسٹورٹ براڈ، جوز بٹلر، اسٹیون فن، ایلکس ہیلز، لیام پلنکٹ، عادل راشد، بین اسٹوکس، جیمز ٹیلر اور مارک وُڈ۔

ایک روزہ اسکواڈ: آئن مورگن(کپتان)، معین علی، جونی بیئراسٹو، سیم بلنگ، جوز بٹلر، اسٹیون فن، ایلکس ہیلز، جو روٹ، جیسن روئے، عادل راشد، جیمز ٹیلر، ریس ٹوپلے، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس اور مارک وُڈ۔

ٹی ٹوئنٹی: آئن مورگن(کپتان)، معین علی، سیم بلنگ، جوز بٹلر، کرس جورڈن، اسٹیفن پیری، ایلکس ہیلز، جو روٹ، جیسن روئے، عادل راشد، ریس ٹوپلے، جیمز ونس، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس اور مارک وُڈ۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours