راولپنڈی: وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کسی قسم کی دفاعی اورجوہری دوڑمیں شریک نہیں ہوگا تاہم ہرقسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے 'کم سے کم جوہری صلاحیت' برقراررکھی جائے گی.

پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا اجلاس جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ہوا، جس میں سول و عسکری قیادت کو جوہری اثاثوں اور میزائل ٹیکنالوجی پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مشیر برائے قومی سلامتی و امورِ خارجہ سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹیجک پلان ڈویژن (ڈی جی ایس پی ڈی) نے شرکت کی.

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے شرکاء کو پاکستان کےجوہری ہتھیاروں کی سلامتی کے بارے میں بریفنگ دی گئی.

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کی سلامتی کے لیے ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے کم از کم جوہری صلاحیت برقرار رکھی جائے گی، تاہم پاکستان کسی قسم کی دفاعی اور جوہری دوڑ میں شریک نہیں ہوگا۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours