سڈنی: ایشز سیریز میں شکست اور ناقص فارم کا شکار بریڈ ہیڈن نے بھی فرسٹ کلاس اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

وکٹ کیپر بلے باز 2015 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن ہونے کے ساتھ ساتھ 66 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کا اعزاز بھی رکھتے ہیں جس میں انہوں نے تین ہزار 266 رنز اسکور کیے اور وکٹوں کے پیچھے 262 کیچ اور آٹھ اسٹمپ کیے۔

انہوں نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں مییا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا کریئر بہت شاندار رہا، میں نے ہر لمحے کو انجوائے کیا اور آخری میں یہ فیصلہ سخت نہ تھا۔

17 سیزن میں نیو ساؤتھ ویلز کی نمائندگی کرنے والے ہیڈن نے کہا کہ میں جس طرح کھیل کو چھوڑ رہا ہوں اس پر میں خوش تو نہیں ہو سکتا لیکن اگر ایک دفعہ خود میں سے دوبارہ کھڑے ہونے کا جذبہ اور آسٹریلیا کی نمائندگی کیلئے درکار چیزیں ختم ہو جائیں تو پھر ہم چلے جانا چاہیے۔

حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد بیٹی کی طبیعت خراب ہونے کے سبب وہ وطن واپس لوٹ گئے تھے اور ان کی جگہ وکٹ کیپنگ کی ذمے داری پیٹر نیول نے انجام دی تھیں۔

اس کے بعد وہ دوبارہ ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے اور ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2015 میں فتح کے بعد وہ پہلے ہی ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بریڈ ہیڈن گزشتہ ایک ماہ کے دوران ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے چوتھے آسٹریلین کھلاڑی ہیں اور ان سے قبل سابق کپتان مائیکل کلارک، شین واٹسن اور کرس راجرز ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔

آسٹریلین ٹیم کے کوچ ڈیرن لیمن اور کپتان اسٹیون اسمتھ نے ہیڈن کو خراج تحسین پیش کیا۔

اسمتھ نے کہا کہ وہ ٹیم کے ایک بہترین کھلاڑی تھے اور میں نے اب تک ان سے ٹیم مین نہیں دیکھا جو ہمیشہ ٹیم کو اولین ترجیح دیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہیڈن سے بہت کچھ سیکھا جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آسٹریلین فتوحات میں ان کا اہم کردار ہے اور ان کی خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا۔

آسٹریلین کوچ ڈیرن لیمن نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ آسٹریلین کرکٹ کیلئے ایک افسوسناک دن ہے کیونکہ وہ ایک بہترین کھلاڑی اور نوجوان کھلاڑیوں کے بہترین سرپرست تھے۔

لیمن نے مزید کہا کہ ہیڈن آسٹریلیا کے ایک شاندار نائب کپتان تھے جنہوں نے ورلڈ کپ، ایشز اور دیگر سیریز میں ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا جس پوری آسٹریلین قوم ان کی مشکور ہے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours