اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان مصالحتی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے جب کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز دورہ افغانستان میں پاکستانی سفارتی عملے کی سیکیورٹی سے متعلق تشویش سے آگاہ کریں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز افغانستان پہنچ گئے ہیں جہاں وہ افغان قیادت سے ملاقات کریں گے اور پاکستانی سفارتی عملے کی سیکیورٹی سے متعلق تشویش سے آگاہ کریں گے جب کہ سرتاج عزیز دورہ کابل میں افغان حکام کو امن وبھائی چارے کا پیغام بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام چاہتا ہے اور افغان مفاہمتی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ ضرب عضب پر تمام تر اخراجات حکومت پاکستان خود کررہی ہے اور پاکستانی خزانےسے اب تک 1.92ارب ڈالرخرچ کیےگئے ہیں جب کہ ڈی جی رینجرز اور انڈین بارڈر سیکیورٹی فورس کی ملاقات منسوخ نہیں ہوئی، دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کے سربراہوں کی ملاقات رواں ماہ ہوگی۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours