انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے کپتان وین رونی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے انگلینڈ کی جانب سے فٹبال میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

رونی نے ہفتے کو سان مرینو کے خلاف میچ میں پینالٹی پر گول اسکور کر کے سر بوبی چارلٹن کا انگلینڈ کی قومی ٹیم کیلئے سب سے زیادہ 49 گول اسکور کرنے کا ریکارڈ برابر کردیا تھا جبکہ اسی کے ساتھ انگلینڈ نے یورو2016 میں اپنی شرکت بھی یقینی بنا لی تھی۔

منگل کو سوئٹرزلینڈ کے خلاف کھیلے گئے یورو کپ 2016 کے ایک اور کوالیفائر میں انگلش کپتان نے گول اسکور کر کے 45 سال سے قائم انگلینڈ کے عظیم کھلاڑی سر بوبی چارلٹن کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ویمبلے اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں سوئٹزرلینڈ نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو پہلے ہاف میں گول کرنے سے باز رکھا جبکہ اس دوران انگلینڈ کا کھیل بھی معیار کے مطابق نہ تھا۔

تاہم دوسرے ہاف کے 67ویں منٹ میں نوجوان ہیری کین نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

جب میچ میں 80 منٹ سے زائد کا کھیل مکمل ہوا تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ رونی کو اس ریکارڈ کو توڑنے کیلئے آئندہ ماہ ایسٹونیا کے خلاف میچ تک کیلئے انتظار کرنا ہو گا لیکن 84ویں منٹ میں سوئس دفاع کھلاڑی کی غلطی نے رونی کا خواب پورا کردیا۔

سوئس دفاعی کھلاڑی نے رحیم اسٹرلنگ کو فاؤل کیا جس پر امپائر نے فوری طور پر انگلینڈ کو پینالٹی ایوارڈ کردی جس پر رونی نے گول اسکور کر کے 45 سال سے قائم چارلٹن کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

اس موقع پر ویمبلے اسٹیڈیم میں موجود تقریباً 75 ہزار سے زائد شائقین نے 29 سالہ فٹبالر کو اس کارنامے پر مبارکباد دی اور ناصرف انگلش شائقین بلکہ سوئس تماشائیوں نے بھی انگلش ٹیم کے کپتان کے اس کارنامے اور تاریخ میں اپنا مام لکھوانے پر پر دل کھول کر داد سے نوازا۔

جب مقرررہ وقت ختم ہوا تو اسکور بورڈ پر 2-0 کا ہندسہ انگلینڈ کی فتح کی نوید سنا رہا تھا۔

یہ انگلینڈ کی یورو کوالیفائنگ راؤنڈ کے لگاتار آٹھویں میچ میں کامیابی تھی جہاں وہ اب تک تمام ہی میچوں میں کامیاب رہی ہے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours