صوبہ پنجاب میں اس خاتون استاد نے اپنی زندگی افغان مہاجر لڑکیوں کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ بچیوں کو خیموں میں تعلیم دینے والی اس ٹیچر کو اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین نے خصوصی ایوارڈ سے نوازہ ہے۔
انچاس سالہ عقیلہ آصفی سن انیس سو بانوے میں اپنے خاندان کے ہمراہ کابل کو خیر آباد کہہ دیا تھا اور ان کا یہ سفر پاکستانی صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی کے ایک دور دراز کے دیہات کوٹ چاندنہ میں ختم ہوا۔ عمومی طور پر افغان خاندانوں میں لڑکیوں کو گھر پر ہی رکھا جاتا ہے لیکن عقیلہ آصفی نے وسائل کی کمی کے باوجود وہاں موجود افغان کمیونٹی کے دل جیتے اور والدین کو قائل کیا کہ وہ اپنی بیٹیوں کو اسکول بھیجا کریں۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آج بھی اسّی فیصد افغان مہاجرین کے بچے اسکولوں سے باہر ہیں جبکہ اس کے برعکس کوٹ چاندنہ میں ایک ہزار سے زائد بچے مستقل اسکولوں میں جاتے ہیں۔ عقیلہ آصفی کو سالانہ ’نینسن رفیوجی ایوارڈ‘ دینے کی تقریب کا انعقاد آئندہ مہینے جنیوا میں کیا جائے گا جبکہ فاتح کو ایک لاکھ ڈالر بھی فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے موجود منصوبے کو پایہ تکیمل پہنچا سکے۔ اقوام متحدہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ عقیلہ آصفی کو یہ ایوارڈ بہادری اور انتھک لگن کے ساتھ مہاجر بچیوں کو تعلیم دینے کی وجہ سے دیا جا رہا ہے۔
عقیلہ آصفی کا کہنا تھا، ’’جب مائیں تعلیم یافتہ ہوں گی تو یقینی طور پر مستقبل کی نسلیں بھی تعلیم یافتہ ہوں گے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’میری خواہش ہے کہ لوگ ایک دن افغانستان کو جنگ کی بجائے تعلیمی معیار کی وجہ سے یاد کریں۔‘‘ اس خطے میں ابھی تک بچیوں کی تعلیم کے لیے مواقع کی کمی ہے جبکہ پاکستان کی ملالہ یوسفزئی نے بھی بچیوں کی تعلیم کے لیے مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔
اس وقت تقریباﹰ چھبیس لاکھ مہاجرین جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ یو این ایچ سی آر کے مطابق دنیا کسی ایک ملک کے مہاجرین کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ سن دو ہزار ایک میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد کئی لاکھ افغان مہاجرین واپس جا چکے ہیں لیکن اس کے باوجود صورتحال میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے سربراہ انتونیو گوئتیرس کا جنیوا میں کہنا تھا، ’’مہاجرین کی تعلیم میں سرمایہ کاری کا مطلب یہ ہے کہ بچے تنازعات اور عدم تحفظ کے جاری دائرے کو توڑیں گے۔‘‘
اقوام متحدہ کے اس ادارے کا مزید کہنا تھا کہ عقیلہ نے اس وجہ سے بھی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں کہ وہ خود بھی جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں اور مہاجر لڑکیوں کو مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ جس وقت عقیلہ نے تعلیمی سلسلے کا آغاز کیا تھا اس وقت ایک ٹینٹ میں صرف چند لڑکیاں ان کے پاس آتی تھیں۔ عقیلہ ہزاروں لڑکیوں کو پرائمری تعلیم کے دوران رہنمائی فراہم کر چکی ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours