جرمن ڈاکٹروں نے سابق چانسلر ہیلموٹ شمٹ کو سگریٹ نوشی کی اجازت دے دی ہے۔ چھیانوے سالہ اشمٹ کو ناسازیٴ طبعیت کی وجہ سے گزشتہ ماہ ہنگامی طور پر ایک ہسپتال بھی داخل کرایا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ جرمن شہر ہیمبرگ میں ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ چھیانوے سالہ سابق چانسلر ہیلموٹ شمٹ سگریٹ نوشی کر سکتے ہیں۔ شمٹ چین اسموکر ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ مرتے دم تک اس عادت کو ترک نہیں کریں گے۔
تاہم حالیہ عرصے میں ان کی طبعیت کچھ خراب رہی، جس کے باعث ایسی توقع کی جا رہی تھی کہ ڈاکٹر انہیں سگریٹ نوشی ترک کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔
شمٹ جرمنی میں سگریٹ کے حق میں چلائی جانے والی تحریک کی ایک اہم شخصیت ہیں۔ وہ تھیٹرز اور ٹیلی وژن پینل مذاکرات میں بھی کھلے عام سگریٹ نوشی کرتے رہے ہیں جبکہ پولیس ان کے اس عمل کو نظر انداز کر تی رہی ہے۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ جرمنی میں بند مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔
شمٹ کے کارڈیالوجسٹ کارل ہائنز کُک نے جرمن روزنامے Bild کو بتایا، ’’وہ (شمٹ) اگر چاہیں تو سگریٹ نوشی کر سکتے ہیں۔ اس بات میں کوئی منطق نہیں کہ ایک چھیانوے برس کے شخص کو سگریٹ نوشی ترک کرنے پر مجبور کیا جائے۔‘‘
کارل ہائنز کُک نے مزید کہا، ’’مجھے واثق یقین ہے کہ جب وہ ہسپتال سے فارغ ہو کر گھر جائیں گے تو وہ دوبارہ تمباکو نوشی شروع کر دیں گے۔‘‘
شمٹ کو ہسپتال میں بھی نکوٹین دی گئی تاکہ انہیں اس نشے کی کمی کی وجہ سے کوئی مسئلہ نہ ہو۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours