![]() |
دنیش چندیمل کولبو ٹیسٹ کے چوتھے دن محاذ آرائی کے دوران ایشانت شرما کو کندھا مارتے ہوئے |
کولمبو: ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میں بدمزگی پھیلانے پر ایشانت شرما اور دنیش چندیمل پر ایک ایک میچ کی پابندی عائد کردی گئی جبکہ دو سری لنکن کھلاڑیوں پرمیچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔
سری لنکا اور ہندوستان کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ شروع سے ہی تناؤ کے ماحول میں کھیلا گیا اور میچ میں اکثر مواقعوں پر امپائر کو بیچ میں آ کر کھلاڑیوں کے درمیان صلح کرانی پڑی۔
اس دوران ہندوستانی فاسٹ باؤلر ایشانت شرما نے خصوصاً کافی جارحانہ رویہ اختیار کیا ار اکثر مواقعوں پر سری لنکن باؤلرز اور بلے بازوں سے الجھتے نظر آئے۔
پیر کو تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن لہیرو تھری مانے، دنیش چندیمل اور فاسٹ باؤلر دھمیکا پرساد سے لفظی جنگ ہوئی جس پر ہندوستانی فاسٹ باؤلر کے ساتھ ساتھ تینوں سری لنکن کھلاڑیوں کو بھی آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا گیا۔
پیر کو بیٹنگ کرتے ہوئے دھمیکا پرساد نے ایشانت کو چند باؤنسرز کرائیں جن سے وہ بچ نکلے، اس کے بعد ایشانت نے ایک رن لیا اور اس دوران جارحانہ انداز میں اشارے کیے جس سے فیلڈ میں تناؤ بڑھ گیا۔
اس موقع پر چندیمل نے سلپ سے آ کر ایشانت کو کندھا مارا جبکہ ہندوستانی اننگ کے اختتام پر ایشانت شرما ڈریسنگ روم کی جانب گئے تو پرساد بھی تیزی سے ان کے پیچھے ہو لیے۔
پھر سری لنکن بیٹنگ کے دوران ایشانت نے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سری لنکن اوپنر کو آؤٹ کر کے پویلین جانے کا اشارہ کیا جبکہ چندیمل کو آؤٹ کر کے بھی جارحانہ انداز اختیار کیا۔
واضح رہے کہ ایشانت پر دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بھی جارحانہ رویہ اختیار کرنے پر میچ فیس کا 65 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔
تینوں کھلاڑیوں نے اپنے جرم کا اقرار کر لیا ہے جس کے باعث اس کی باقاعدہ سماعت نہیں ہوئی۔
آئی سی سی میچ ریفری مائیک پراکٹر نے کہا کہ پیر کو ہونے والے واقعات عالمی کرکٹ کی ساکھ کیلئے اچھے نہیں، یہ عالمی کرکٹرز بھول چکے تھے کہ حریف کھلاڑیوں اور امپائرز کی عزت کرنا ان کی بنیادی ذمے داری ہے اور ایک ایسے واقعے میں ملوث رہے جو کھیل کی روح کے منافی ہے، ان کے ایکشن کو کسی صورت بھی معاف نہیں کیا جا سکتا اور اس کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔
انہوں نے واح کیا کہ اگر ایشانت شرما آئندہ 12 ماہ میں دوبارہ ایسے کسی واقعے میں ملوث پائے گئے تو ان پر لمبے دورانیے کیلئے پابندی لگائی جا سکتی ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours