پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپیئن شہباز احمد کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نیا سیکریٹری مقرر کردیا گیا ہے۔ان کا انتخاب رانا مجاہد کے سیکریٹری کے عہدے سے استعفے کے بعد عمل میں آیا ہے۔
یاد رہے کہ بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) خالد کھوکھر کو گذشتہ ہفتے اختر رسول کی جگہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نیا صدر مقرر کیا جا چکا ہے۔
رانا مجاہد دو سال قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری بنے تھے لیکن ٹیم کی انتہائی مایوس کن کارکردگی اور پاکستان ہاکی فیڈریشن میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سبب انھیں سخت تنقید کا سامنا رہا۔واضح رہے کہ رانا مجاہد پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اولمپک چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک میں متوازی اولمپک ایسوسی ایشن بنانے میں پیش پیش رہنے پر دس سال تک کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
شہباز احمد جو ہاکی کے حلقوں میں شہباز سینیئر کے نام سے پہچانے جاتے ہیں دنیائے ہاکی کےچند بہترین فارورڈز میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستانی ہاکی ٹیم سنہ 1994 ء میں عالمی کپ اور چیمپئنز ٹرافی جیت چکی ہے۔وہ سنہ 1992 میں بارسلونا اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کے بھی کپتان تھے۔ وہ واحد کھلاڑی ہیں جنھیں لگاتار دو ورلڈ کپ (1990 اور 1994) میں بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازایا گیا۔ انھیں ہاکی میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی بھی مل چکا ہے۔ ان کے علاوہ سابق اولمپیئن رشید جونیئر کو سلیکشن کمیٹی کا سربراہ اور طاہر زمان کو جونیئر ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours