انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے سربراہ اینڈریو سٹراس نے کہا ہے کہ نامور بیٹسمین کیون پیٹرسن کو ٹیم سے باہر رکھنے کا فیصلہ ٹیم کے لیے سود مند ثابت ہوا ہے۔

اینڈریو سٹراس نے انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے سربراہ بننے کے بعد کیون پیٹرسن کو بتایا تھا کہ ٹیم میں ان کی واپسی ممکن نہیں ہے اور مستقبل میں انھیں ٹیم میں شمولیت کے لیے ان کے نام پر غور نہیں کیا جائے گا۔

اینڈریو سٹراس نے کہا: ’واضح موقف سے صورت حال کو واضح کرنے میں مدد ملی ہے۔‘ انگلینڈ نے حالیہ ایشز سیریز میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔

کیون پیٹرسن کو آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی گذشتہ ایشز سیریز میں ٹیم کی پانچ صفر کی ہزیمت کے بعد ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔

کیون پیٹرسن اب تک ہر فارمیٹ میں انگلینڈ کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں۔

اینڈریو سٹراس نے کہا: ’ڈر تھا کہ اگر کیون پیٹرسن کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا تو وہ سب کچھ جوگذشتہ موسم سرما میں پِچ پر ہوتا رہا ہے وہ ٹیم کے ماحول پر غالب آ جائے گا۔‘

انھوں نےکہا: ’میں صرف یہ کر رہا تھا کہ صورت حال کو واضح کروں اور کھلاڑیوں کو بتاؤں کہ ان کی ٹیم میں کیا پوزیشن ہے اور وہ کہاں کھڑے ہیں۔

’میں سمجھتا ہوں کہ ٹیم آگے بڑھ گئی ہے اور بہت اچھی پوزیشن میں ہے۔ کچھ نوجوان کھلاڑیوں نے اپنے آپ کو منوا لیا ہے اور ہماری توجہ اسی پر ہے۔‘

ایک روزہ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ نے وکٹ کیپر جوس بٹلر کو ’آرام‘ دیے جانے کے بعد وکٹ کیپر جانی بیئرسٹو کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

ایشز سیریز میں فتح کے بعد انگلینڈ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ابھی تک دو صفر کے خسارے میں ہے۔

ادھر آسٹریلیا کو بھی اگلے ایک روزہ میچ میں تین تبدیلیاں کرنی پڑیں گی۔ راؤنڈر شین واٹسن، بیٹسمین ڈیوڈ وارنر، اور فاسٹ بولر نیتھن کولٹروائل زخمی ہونے کی وجہ سے سیریز کے بقیہ میچوں میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔

آسٹریلیا کرکٹ بورڈ انگلش کاؤنٹی میں حصہ لینے تین آسٹریلوی کھلاڑیوں ایرن فنچ، جان ہیسٹنگ اور پیٹر ہینڈزکمب کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours