جنوبی افریقہ کے خلاف دھرم شالہ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ کے دوران بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی ٹی 20 میں سب سے تیز ایک ہزار رن بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔
اپنی 43 رنز کی اننگز کے دوران وراٹ کوہلی نے انگلینڈ کے کیون پیٹرسن اور ایلیکس ہیلز کا ریکارڈ توڑا۔
انگلینڈ کے دونوں بلے بازوں نے 32 میچوں میں ایک ہزار رنز پورے کیے تھے جبکہ کوہلی نے 29 میچوں کی 27 اننگز میں 46.13 کی اوسط سے پانچ بار ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 1015 رنز بنائے ہیں۔
اس میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کے سامنے 200 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا جسے جنوبی افریقہ نے آخری اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر دلچسپ مقابلے کے بعد حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پہلے ٹی20 میچ میں ہارنے کے بعد بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے امپائروں کے کچھ فیصلوں پر ’ناخوشی‘ ظاہر کی ہے۔
میچ کے بعد دھونی نے کہا: ’کچھ فیصلے ہمارے حق میں نہیں گئے۔ کبھی کبھی یہ میچ کا رخ تبدیل کر سکتے ہیں۔ اگر ڈمني پہلے ہی آؤٹ ہو جاتے تو کھیل کا رخ کچھ اور ہو سکتا تھا۔ انھوں نے بعد میں بہترین اننگز کھیلی۔‘
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی اور بھارت کے اوپنر روہت شرما کے 106 رنز کی بدولت بھارت نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔
ڈمني نے جنوبی افریقہ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا انھوں نے اپنی 67 رن کی اننگز میں سات چھکے اور ایک چوکا لگایا۔
جنوبی افریقہ کا آغاز بہتر تھا اور اوپنر ہاشم آملہ اور ڈی ولیئرز نے 77 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ ہاشم نے 36 جبکہ ڈی ولیئرز نے 51 رنز بنائے۔ بہردین 32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
آخری اوور کی تیسری گیند پر ڈمني نے چھکا لگا کر میچ کا سکور برابر کر دیا اور اگلی گیند پر فیصلہ کن رن حاصل کیا۔
بھارت کی جانب سے ایشون کے علاوہ تمام بولروں نے فی اوور 10 رنز سے زیادہ دیے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours