لندن: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ امن اورمسائل کے حل کا راستہ وہی ہے جو ہم نے تجویز کیا ہے اور آج کل بھارت کو اس راستے پر آنا ہوگا.
لندن ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ کئی دہائیوں سے بھارت کشمیریوں پرمظالم ڈھا رہا ہے، بھارت کو ایک نہ ایک دن کشمیرمیں ظلم کا راستہ چھوڑنا پڑے گا،عالمی سطح پر کشمیر کےبارے میں پاکستان کی بات سنی اورمانی جا رہی ہے، پاکستان کے پاس ’’را‘‘ کی مداخلت کےثبوت موجود ہیں جنہیں اقوام متحدہ کے سامنے پیش کیا گیا ہے، سرحد پار سے پاکستان کے خلاف پراکسی وار کو ختم ہونا چاہیے، دونوں ملکوں کو متوازن سوچ اختیارکرنی چاہیے کیونکہ الزام تراشی سے امن قائم نہیں ہوتا، دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی سےترقیاتی عمل متاثر ہوسکتا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں صرف مسائل ہی نہیں ان کا حل بھی بتایا، ہم نے خطےمیں امن کے لیے خلوص کے ساتھ تجاویز دی ہیں،امن اورمسائل کے حل کا راستہ وہی ہے جو ہم نے تجویز کیا ہے، امن کے لیے پاکستان کی تجاویز پرعمل کرناہوگا، اس راستے پر آج آیا جائے یا کل راستہ یہی ہے، جتنی جلد یہ راستہ اختیار کیا جائے اتنا ہی بہتر ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ امید ہے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو کامیابی ملے گی، اور بلدیاتی انتخابات میں بھی ہمیں ہی کامیابی حاصل ہوگی۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours