اسلام آباد/ کراچی: سپریم کورٹ نے رینجرز کو حکم دیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کو دوران حراست علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

جسٹس سرمد جلال عثمانی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے سابق مشیر پٹرولیم اور سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی جس میں عدالت نے رینجرز کو حکم دیا کہ ڈاکٹر عاصم کو دوران حراست علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں جب کہ جسٹس دوست محمد کھوسہ نے ریمارکس میں کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں دل کے امراض کو ڈاکٹرز کو طلب کیا جائے۔

ڈاکٹر عاصم حسین کے وکیل عابد زبیری نے عدالت میں کہا کہ رینجرز کے ڈاکٹر نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم ٹھیک ہیں مگر انہوں نے کوئی تحریری رپورٹ نہیں دی جس پر جسٹس دوست محمد کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ سندھ ہائیکورٹ نےڈاکٹرعاصم کی جان کےخطرے کااظہارکیا ہے لہذا ہمیں توازن رکھنا ہے کہ ڈاکٹرعاصم کی حفاظت اور علاج ساتھ ساتھ ہو جب کہ ان کو رینجرز کی حراست سے نکالنا خطرے سے خالی نہیں ہے۔

جسٹس سرمد جلال ڈاکٹر عاصم کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کو یقین ہے وہ اسپتال میں محفوظ رہے گے، رینجرز کے پاس تو سیکیورٹی ہے مگر ہمیں انہیں اسپتال بھیجنے پر سیکیورٹی مسئلہ نہ ہوجائے اس پر وکیل نے کہا کہ اسپتال میں بھی رینجرز ہوتی ہے، جسٹس دوست محمد نے جواب دیا کہ رینجرز ہیڈ کوارٹر میں تو کوئی پر بھی نہیں مارسکتا ایسانا ہو کہ ڈاکٹرعاصم باہرآئیں اورگولی یا چاقو کا وار ہوجائے جب کہ جسٹس سرمد کا کہنا تھا کہ کراچی میں ولی بابر کیس میں تمام گواہ اور سبین محمود کے قاتلوں کو ختم کردیا گیا تھا۔

ڈاکٹر عاصم حسین کی اہلیہ زرین نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود ڈاکٹرعاصم کوعلاج کی سہولیات مہیا نہیں کی جا رہیں سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ میں ڈاکٹرعاصم کی اہلیہ کی درخواست کی سماعت میں رینجرزکے سیکٹر کمانڈرکرنل امجد کی جانب سے جوابی حلف نامہ جمع کرایا گیا جس میں کہا گیا کہ رینجرز سندھ کے پاس تمام سہولیات، مطلوبہ مشینری ، ماہرڈاکٹرز اور میڈیکل عملہ موجود ہے اور انہیں علاج کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ کرنل امجد کا کہنا تھا کہ درخواست گزارکی جانب سے لگائے گئے الزامات جھوٹے اوربے بنیاد ہیں۔

بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے درخواست گزار کے وکیل کو جواب الجواب داخل کرانے کےلیے مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی اور رینجرز نے انہیں دوبارہ رینجرز ہیڈکوارٹر منتقل کردیا۔ واضح رہے سندھ ہائی کورٹ میں بھی ڈاکٹر عاصم حسین کی اہلیہ نے درخواست دائر کی تھی۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours