کولکتہ: پاکستان نے سیریز بچانے کی آخری کوشش کرتے ہوئے بھارت کو صرف ون ڈے میچزکھیلنے کی تجویز دے دی.
تفصیلات کے مطابق پاک بھارت ٹیموں کی رواں برس دسمبر میں یو اے ای میں سیریز شیڈول ہے، البتہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کے سبب اس کا زیادہ امکان نظر نہیں آتا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریارخان گذشتہ روز ہی بھارت سے واپس آئے ہیں۔
انھوں نے وہاں آنجہانی صدر بی سی سی آئی جگ موہن ڈالمیا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا، لاہور واپسی سے قبل شہریارخان نے بھارتی بورڈ کے متوقع صدر ششانک منوہر سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی. ذرائع کے مطابق پاکستان نے تجویز پیش کی کہ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کو چھوڑ کر صرف مختصر ون ڈے سیریز کھیل لی جائے۔
چیئرمین پی سی بی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ششانک سے اچھے انداز میں گفتگو ہوئی، میں نے انھیں ایڈوانس میں مبارکباد دیتے ہوئے باہمی مفادات کے معاملات میں بی سی سی آئی کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ شہریارخان نے کہا کہ کرکٹ تعلقات کی بہتری میں پل کا کردار ادا کرتی ہے، ہمیں اپنی حدود میں رہتے ہوئے دونوں ممالک کے روابط بہتر بنانے میں پوری کوشش کرنی چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ ہم دونوں نے مستقبل قریب میں ملاقات پر اتفاق کر لیا ہے۔ یاد رہے کہ اتوار کو ممبئی میں بی سی سی آئی کی خصوصی جنرل میٹنگ میں ششانک منوہر کی بطور صدر تقرری پر مہر ثبت ہوگی۔
وہ اس سے قبل 2008 سے 2011 تک یہ ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔ دریں اثنا شہریارخان نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ ڈالمیا کی رہائش گاہ جا کر ان کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت کی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ایک اچھے دوست سے محروم ہو گئے ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours