پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچنا شروع کردیا ہے اور انھوں نے عندیہ دیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ان کی آخری سیریز بھی ہوسکتی ہے لیکن ابھی اس بارے میں انھوں نے حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم اس ماہ انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہو رہی ہے۔

مصباح الحق ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان ہیں۔ان کی قیادت میں پاکستان نے اٹھارہ ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

مصباح الحق نے بی بی سی اردو سروس کو دیےگئے انٹرویو میں تسلیم کیا کہ ان دنوں وہ انگلینڈ کے خلاف اہم سیریز کے ساتھ ساتھ تمام تر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ممکنہ ریٹائرمنٹ کے بارے میں بھی کافی سوچ رہے ہیں۔

مصباح الحق نے یہ واضح کردیا کہ یہ فیصلہ سیریز کے نتیجے کی بنیاد پر نہیں ہوگا بلکہ اس بنیاد پر ہوگا کہ وہ خود کھیل سے کتنے لطف اندوز ہورہے ہیں کتنے جذبے سے کھیل رہے ہیں اور ٹیم کے کتنے کام آسکتے ہیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب ا مارات میں کھیلی جانے والی اس سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم نےانگلینڈ اور آسٹریلیا کے دورے بھی کرنے ہیں لہذا وہ تمام تر صورتحال پر غور کررہے ہیں کہ کیا ٹیم کو ان کی ضرورت ہے یا نہیں ؟

’اگر وہ ٹیم کے کام آرہے ہیں تو پھر یقیناً وہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے دوروں کے بارے میں سوچیں گے لیکن اگر انھوں نے محسوس کیا کہ پاکستانی ٹیم کو دینے کے لیے ان کے پاس کچھ نہیں ہے تو پھر کھیلنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔‘

مصباح الحق نے کہا کہ یہ بہت بڑا فیصلہ ہے جو انہیں بہت سوچ بچار کے بعد کرنا ہے اور انہیں امید ہے کہ انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز کے موقع پر وہ کسی فیصلے پر پہنچ جائیں گے۔

مصباح الحق نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بارے میں ان کی پاکستان کرکٹ بورڈ سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے کیونکہ بورڈ نے یہ معاملہ خود ان کے حوالے کردیا ہے کہ وہ اس بارے میں کیا فیصلہ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ مصباح الحق پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours