پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال طویل علالت کے بعد لاہور میں 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
وہ مفکر اور شاعر علامہ محمد اقبال کے بیٹے تھے۔
جسٹس ریٹائر جاوید اقبال کینسر کے عاضے میں مبتلا تھے اور سنیچر کی صبح ان کا انتقال ہوگیا۔
جسٹس ریٹائر جاوید اقبال لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینیئر جج کے طور پر بھی تعینات رہے تھے۔
ان کی پیدائش 5 اکتوبر 1924 کو سیالکوٹ میں ہوئی تھی۔ انھوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے کے بعد انگریزی اور فلسفے میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کی۔ بعد ازاں سنہ 1954 میں یونیورسٹی آف کیمبرج سے فلسفے کے مضمون میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور سنہ 1956 میں لندن میں لنکن انز سے قانون کی تعلیم مکمل کی تھی۔
ان کی اہلیہ جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ اقبال بھی قانون کے شعبے سے وابستہ ہیں اور لاہور ہائی کورٹ میں جج تعینات رہ چکی ہیں۔
صدرمملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے جسٹس ریٹائر جاوید اقبال کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور علیحدہ علیحدہ اپنے تعزیتی پیغامات میں قانون اور ادب کے لیے ان کے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours