کراچی: پاکستان ایئرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن اور قومی ایئر لائن کے درمیان تنازع کے حل کے لئے پالپا کے وفد اور وزیر اعظم کے مشیر ہوابازی کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔
پالپا اور پی آئی اے کے درمیان تنازعے کے حل کے لئے اسلا آباد میں وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی شجاعت عظیم اور پالپا کے وفد کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، اس موقع پر پالپا کے صدر عامر ہاشمی نے انہیں اپنے مطالبات سے آگاہ کیا۔
پالپا اور پی آئی اے حکام کے درمیان چار روز سے جاری تنازع کے باعث اب تک درجنوں پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں جب کہ متعدد تاخیر کا شکار ہے، چار روز کے دوران اب تک 60 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی و تاخیر اور مسافروں کو ہوٹلوں میں ٹھہرانے کی وجہ سے جہاں پی آئی اے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے وہیں مسافروں کی پریشانی سے قطع تعلق نجی ایئرلائنز نے اندرون اور بیرون ملک اپنی پروازوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours