کراچی: وزیراعظم نواز شریف 7 روزہ سرکاری دورے پر امریکا جا رہے ہیں لیکن اس یاترا سے صرف سفری اخراجات کی مد میں قومی خزانے کو 50 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑ ے گا۔
وزیراعظم کے مجوزہ دورہ امریکا کے لئے حکومت نے پی آئی اے سے بوئنگ 777 طیارہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں مجموعی طور پر 320 مسافروں کی گنجائش ہوتی ہے لیکن پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے طیارے میں خصوصی طور پر 12 مزید نشستیں لگائی گئی ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکا کے لئے پی آئی اے کا طیارہ 5 روز قبل ہی آپریشن سے نکال لیا جائے گا جب کہ کسی تیکنیکی خرابی کی صورت میں ایک طیارہ بیک اپ کے طور پر بھی رکھا گیا ہے۔
اگر اخراجات کا تخمینہ لگایا جائے تو امریکا جانے کے لئے ایک فرد کا ون وے ٹکٹ ڈیڑھ لاکھ روپے بنتا ہے اور اس حساب سے اگر 12 روز کے لئے 330 افراد کے ریٹرن ٹکٹ کا تخمینہ ڈھائی لاکھ روپے لگایا جائے تو یہ رقم 49 کروڑ50 لاک روپے بن جاتی ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم اور ان کی فوج در موج کے قیام و طعام کے اخراجات علیحدہ ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف 17 سے 23 اکتوبر تک براستہ برطانیہ امریکا کا دورہ کریں گے جب کہ انھوں نے حال ہی میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے ان دونوں ممالک کا دورہ کیا ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی جنرل اسمبلی کی 16 منٹ کی تقریر پر 15 کروڑ روپے کے اخراجات آئے تھے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours