کراچی: پاکستان وومن کرکٹ ٹیم نے مہمان بنگلادیش کو پہلے ایک روزہ میچ میں 20 رنز سے شکست دے کر 2 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
کراچی میں کھیلے گئے میچ میں قومی وومن ٹیم کی کپتان ثنا میر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم نے مہمان بنگلادیش کو جیت کے لئے 215 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم مقررہ اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز ہی بنا سکی۔ بنگلادیش کی جانب سے رومانا احمد 70، فرگانا حق 26 اور شمیمہ سلطانہ 24 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ پاکستان کی جانب سے انعم امین نے 3، بسمہ معروف، عالیہ ریاض، ندا ڈار، ثنا میر اور اسماویہ اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کے دوران بسمہ معروف نے شاندار کھیل پیش کیا اور 8 چوکوں کی مدد سے 128 گیندوں پر 92 رنز بنا کر نمایاں رہیں جب کہ جویریہ خان نے 21، سدرا امین نے 12، نینا عابدی 27، ندا ڈار 21، اسماویہ اقبال 13، عالیہ ریاض 6، انعم امین 2 اور کپتان ثنا میر اور ڈائنا بیگ بغیر کوئی رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جب کہ رابعہ شاہ 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ پاکستان کی جانب سے شاندار کارکردگی پیش کرنے والی بسمہ معروف کو وومن آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours