نیویارک: مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک دیرینہ تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے جب کہ او آئی سی نے ایک قرارداد کے ذریعے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے سالانہ رابطہ اجلاس کویت کے وزیرخارجہ شیخ صباح الخالد الصباح کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے پاکستانی کی نمائندگی کی۔ اجلاس میں ایک قرار داد منظوری کی گئی جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کا اعادہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے فلسطین، جموں و کشمیر ،قبرص، ناگورنو کارا باخ اور روہنگیا مسلمانوں کے تنازعات سمیت امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کے مشترکہ پلیٹ فارم کی اہمیت پر زوردیا۔
اس موقع پر سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر ایک دیرینہ تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ سرتاج عزیز نے مقبوضہ علاقوں کی واپسی کیلئے فلسطین کی کوششوں کی بھرپور معاونت کے پاکستانی عزم کابھی اظہار کیا اورمسجد اقصیٰ پر اسرائیل کے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی ۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ مسلمانوں کے مقدس مقام کی بے حرمتی پر اسرائیل کے خلاف کارروائی کرے۔
واضح رہے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کا لازمی حصہ ہیں اور انہیں شامل کئے بغیر یہ مسئلہ حل نہیں کیا جاسکتا ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours