پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق افغانستان کی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرینگے جو اس ماہ زمبابوے کا دورہ کرنے والی ہے۔

اس دورے میں افغانستان کی ٹیم پانچ ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔یہ تمام میچز بولاوایو میں کھیلے جائیں گے۔

انضمام الحق نے بی بی سی کو دیےگئے انٹرویو میں کہا کہ افغان کرکٹ حکام نے کچھ عرصہ قبل ان سے اپنی ٹیم کی کوچنگ کرنے کی درخواست کی تھی جس کی انھوں نے حامی بھرلی تھی لیکن انھوں نے کہہ دیا تھا کہ وہ مستقل بنیادوں پر یہ نہیں کرسکتے۔

افغان کرکٹ حکام نے ان سے کہا ہے کہ چونکہ ان کی ٹیم زمبابوے کا دورہ کرنے والی ہے لہذا وہ ٹیم کے ساتھ زمبابوے جائیں اور ٹیم کی کوچنگ کریں جس کے لیے وہ تیار ہیں۔

انضمام الحق نے کہا کہ وہ پانچ اکتوبر کو زمبابوے روانہ ہونگے اور تقریباً ایک ماہ ٹیم کے ساتھ رہیں گے۔

انضمام الحق نے کہا کہ اگر پاکستان سپر لیگ اور یا کسی بھی ٹیم نے انھیں کوچنگ کی پیشکش کی تو وہ اس پر ضرور غور کرینگے۔

انضمام الحق سے قبل پاکستان کے دو ٹیسٹ کرکٹرز کبیر خان اور راشد لطیف افغانستان کی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرچکے ہیں۔

افغانستان نے کبیر خان کے بعد انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے اینڈی مولز کو کوچ مقرر کیا تھا لیکن ورلڈ کپ کے بعد ان کے معاہدے کی تجدید نہیں کی گئی۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours