نیو یارک: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں ہندوستان کے ملوث ہونے سے متعلق دستاویز جلد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو پیش کریں گے۔
نیو یارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ ہندوستان وزیراعظم نریندر مودی کو خود یہ شواہد پیش کرنا چاہتے تھے تاہم وہ ملاقات نہیں ہوسکی جبکہ وہ اس کی ایک کاپی اقوام متحدہ کے سربراہ کو دیں گے۔
ہندوستان سے بہتر تعلقات کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے ٹھوس تجاویز پیش کی تھیں اور امید تھی کہ اس کا مثبت جواب ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے خطاب کے دوران پیش کیے گئے ان کے چار نکات بھی اسی بات کی جانب اشارہ کرتے ہیں کہ وہ پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے کہ سیاچن سے فوجوں کو واپس بلالیا جائے تاہم ہندوستان کے لیے شاید یہ مشکل ہوگا۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ افغان حکومت دہشت گردوں کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں کرنے دے گی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران اجلاس میں انہیں دنیا کے کئی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کرنے کا موقع ملا جہاں انہوں نے اہم عالمی امور پر پاکستان کا موقف پیش کیا۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ملالہ یوسفزئی کی عزت افزائی کا ارادہ رکھتی ہے اور ان کے پاکستان آنے کا انتظار کیا جارہا ہے جبکہ ان کی حکومت جلد اس حوالے سے اعلان کرے گی۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours