پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیشی خواتین ٹیم کو کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں 34 رنز سے شکست دے کر سیریز دو صفر سے جیت لی۔
بدھ کے روز پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستانی خواتین ٹیم نے 29 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
جمعرات کو کھیلے گئے دوسرے اور آخری میچ میں بھی پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور چھ وکٹوں پر 114 رنز بناسکی لیکن بولرز نے کامیابی سے اس اسکور کا بھی دفاع کیا۔
بسمہ معروف پہلے میچ کی طرح اس بار بھی سب سے کامیاب رہیں انھوں نے دو چوکوں کی مدد سے 44 رنز اسکور کیے۔
پہلے میچ میں انھوں نے 65 رنز بنائے تھے۔ مرینہ اقبال نے 33 رنز بنائے۔
ڈبل فگرز میں داخل ہونے والی تیسری کھلاڑی عالیہ ریاض تھیں جنھوں نے 20 رنز اسکور کیے۔ناہیدہ اختر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ وہ پہلے میچ میں بھی مہمان ٹیم کی سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئی تھیں۔
115 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم سات وکٹوں پر صرف80 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔ رومانہ احمد 27 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ ندا ڈار اور سمیعہ صدیقی نےدو دو وکٹیں حاصل کیں۔
دونوں ٹیمیں اب دو ون ڈے انٹرنیشنل میچز چار اور چھ اکتوبر کو کراچی ہی میں کھیلیں گی۔
آئی سی سی نے یکم اکتوبر سے خواتین کرکٹ کا نیا رینکنگ سسٹم متعارف کرادیا ہے جس کے تحت اب ٹیموں کی ایک ہی عالمی رینکنگ تینوں فارمیٹس میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ترتیب دی جائے گی۔ نئی عالمی رینکنگ میں آسٹریلیا کا نمبر پہلا ہے۔
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم 81 پوائنٹس کے ساتھ اس عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کا نمبر نواں ہے۔
پاکستانی کپتان ثنا میر انفرادی کارکردگی کے لحاظ سے بیٹنگ میں 34ویں اور بولنگ میں 15ویں نمبر پر ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours