ہرارے میں تین ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے یاسر شاہ کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں زمبابوے کو 131 رنز سے شکست دے دی ہے۔پاکستان کے 259 رنز کے جواب میں زمبابوے کی ساری ٹیم 37 اوورز میں 128 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے چھ جبکہ شعیب ملک نے تین اور عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر رنز 259 بنائے۔پاکستان کی اننگز کی خاص بات عماد وسیم اور محمد رضوان کی عمدہ بیٹنگ تھی جنھوں نے بلترتیب 61 اور 75 رنز بنائے۔اس سے قبل پاکستان کو اننگز کی ابتدا میں ہی دہرا نقصان اٹھانا پڑا جب کپتان اظہر علی 11 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے اور اس کے بعد احمد شہزاد بھی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے جو دس رنز بنا کر جونگوے کی گیند پر مساکادزا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ابتدائی نقصان کے بعد شعیب ملک اور سرفراز احمد نے 65 رنز کے شراکت کی جس کے بعد شعیب ملک کو 31 کے انفرادی سکور پر نیومبو نے بولڈ کر دیا۔اس کے بعد سرفراز احمد 44 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے اور میچ کے 33ویں اوور تک وہ سب سے زیادہ سکور کرنے والے بلے باز تھے۔تاہم سرفراز احمد کے 128 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہونے کے بعد عماد وسیم اور محمد رضوان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو252 رنز تک پہنچا دیا۔اننگز کے آخری اوور میں عماد وسیم 61 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ محمد رضوان 75 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت اظہر علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عماد وسیم، وہاب ریاض، عامر یامین، یاسر شاہ اور محمد عرفان شامل ہیں۔
زمبابوے کی جانب سے ارون زخمی ہونے کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں اور اتسیا کو اس میچ کے لیے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔پاکستان کی جانب سے عامر یامین اور زمبابوے کے برائن چری اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیل رہے ہیں۔اس سے قبل دو ٹی 20 میچوں کی سیریز میں پاکستان نے زمبابوے کو دونوں میچوں میں ہی شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours