کارڈف میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے واحد ٹی 20 میچ میں انگلینڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو پانچ رنز سے شکست دے دی۔

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 20 اوورز میں آٹھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 177 رنز بنا سکی۔

آسٹریلیا کو فتح کے لیے آخری اوور میں 12 رنز درکار تھے اور اس کی پانچ وکٹیں باقی تھیں تاہم سٹووکس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے سمتھ نے 53 گیندوں پر 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں سات چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ میکسول 44 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے ہیں۔

سمتھ اور میکسول کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین نمایاں سکور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

وارنر چار، واٹسن آٹھ، مارش 13، ویڈ دو جبکہ آخری تین کھلاڑی کولٹر نائل، کمنز اور سٹارک بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے اور سٹوئنس 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے ولی نے دو جبکہ فن، ٹوپلی، سٹوکس اور معین علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا۔ اوپنرز رائے اور ہیلز بالترتیب 11 اور تین رنز بنا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔

ابتدائی نقصان کے بعد معین علی اور مورگن نے شاندار پارٹنرشپ کے ذریعے انگلینڈ کی اننگز کو سنبھالا۔

معین علی 71 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ مورگن 39 گیندوں پر 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مورگن کی اننگز میں سات چھکے بھی شامل تھے۔

دیگر بلے بازوں میں بٹلر 11 اور بلنگز2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کمنز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سٹارک اور کولٹر نائل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

معین علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours