سنہ 2004 میں بالی وڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے بھارتی اداکار قادر خان 11 برس کے وقفے کے بعد ایک بار پھر سنیما سکرین پر نظر آئیں گے۔سپر سٹار امیتابھ بچن نے گذشتہ دنوں ٹوئٹر پر اپنے قریبی دوست، سکرپٹ رائٹر اور اداکار قادر خان کی بالی وڈ میں واپسی کی خبر دی تھی۔
اپنی طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے قادر خان چند برسوں سے فلموں سے دور تھے اور چل پھر نہیں پا رہے تھے لیکن اب وہ صحت مند ہو کر فلموں میں واپسی کر رہے ہیں۔قادر خان اپنی نئی فلم ’دماغ کا دہی‘ میں معروف ادکار اوم پوری کے ساتھ واپسی کر رہے ہیں اور یہ باقاعدہ واپسی 11 سال بعد ہو رہی ہے۔خیال رہے کہ سنہ 2004 میں آنے والی فلم ’مجھ سے شادی کرو گی‘ کے بعد قادر خان نے صحت کی وجہ سے بالی ووڈ سے دوری اختیار کر لی تھی۔اس فلم میں سلمان خان، اکشے کمار اور پرینکا چوپڑہ نے اداکاری کی تھی۔ بہر حال اس فلم کے بعد بھی انھوں نے کچھ فلموں میں مہمان کردار کے طور کام کیا تھا۔
فلموں میں واپسی کے سوال پر انھوں نے کہا: ’میں بچوں کو پڑھاتا تھا، عربی سکھا پڑھا لیتا ہوں۔ اسی میں مشغول تھا۔ لیکن اب واپس آ گیا ہوں۔‘
قادر خان اب 79 سال کے ہو چکے ہیں اور کمزور بھی نظر آنے لگے ہیں جبکہ ٹھیک سے بات بھی نہیں کر پاتے ہیں۔اپنی بھاری بھرکم آواز میں انھوں نے دھیرے سے کہا: ’یہ انتہائی صاف ستھری فلم ہے۔ میں نے پھر ویسے مکالموں کے ساتھ واپس آؤں گا جن کے لیے لوگ قادر خان کو جانتے ہیں۔‘اس فلم میں قادر کے ساتھ اوم پوری ہیں جو اس فلم کے متعلق فکر مند نظر آئے۔اوم پوری نے کہا: ’یہ تسلیم کرتا ہوں کہ اس فلم میں خانوں کی قطار نہیں ہے اور نہ ہی ذو معنی مکالمے ہیں لیکن اس میں ہم جیسے کیریکٹر ایکٹر ہیں۔‘ان کے مطابق اس فلم کے لیے سینیما ہال کے باہر ناظرین کی قطار تو نہیں لگے گی لیکن اگر وہ آئیں گے تو مایوس نہیں ہوں کیونکہ بقول ان کے انھوں نے ’اتنی محنت تو کی ہی ہے۔‘
خیال رہے کہ پہلے قادر خان اپنے مکالمے اور منفی کردار کے لیے بہت معروف ہوئے پھر انھوں نے مزاحیہ کردار نبھانا شروع کیا۔انھیں سنہ 1982 میں آنے والی فلم ’میری آواز سنو‘ میں بہترین مکالمے کے لیے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جبکہ ’باپ نمبری بیٹا دس نمبری‘ کے لیے بہترین کامیڈین کا اعزاز دیا گیا تھا۔فلم ’انگار‘ کے لیے بھی انھیں بہترین مکالمہ نگار کا ایوارڈ دیا گیا تھا جبکہ ’مجھ سے شادی کروگی‘ کے لیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours