اسلام آباد: جرمن وزیرخارجہ فرینک والٹر کا کہنا ہے کہ پاک بھارت مذاکرات سے مسئلہ کشمیر کو نہیں نکالا جاسکتا جو دونوں ممالک کے درمیان اہم معاملہ ہے۔
اسلام آباد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جرمن وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان مسائل کے حل کے لئے مذاکراتی عمل کا جاری رہنا بہت ضروری ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل سے مسئلہ کشمیرکوالگ نہیں رکھا جاسکتا اس لئے اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ کشمیرسمیت تمام مسائل کا حل مذاکرات کی ٹیبل پرنکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی كے خلاف پاكستان كی قربانيوں كو دنيا تسليم كرتی ہے اوران قربانیوں اور پاک فوج کے کردارکو سراہتے ہیں جب کہ جرمنی پاكستان كو درپيش چيلنجز سے نمٹنے كے لئے بھرپورتعاون كرنے کو تیارہے۔
مشیرخارجہ سرتاج عزیزکا اس موقع پرکہنا تھا کہ جرمن وزیرخارجہ سے پاکستان اورجرمنی کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت خطے اورعالمی علاقائی صورتحال، خاص طورپرافغانستان اورپاک بھارت مذاکراتی عمل میں تعطل سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، پاكستان اور جرمنی كے درميان تجارت كے وسيع مواقع ہيں، دونوں ممالک مختلف شعبوں ميں تعاون كررہے ہيں۔ انہوں نے كہا كہ پاكستان باہمی احترام كی بنياد پرتمام ہمسايہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا ہے جب کہ وزيراعظم نواز شريف كے وژن كے مطابق خطے ميں امن چاہتے ہیں، پاكستان دہشت گردی كے خاتمے كے لئے پرعزم ہے اس سلسلے میں ملک بھر میں دہشت گردوں كے خلاف بلا تفريق كارروائی کی جارہی ہے جب کہ پاک فوج کی جانب سے دہشت گردی كے خلاف آپريشن كاميابی سے جاری ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours