کراچی: قومی ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان میجر (ر) حسنین عالم نے کہا ہے کہ بدھ سے شروع ہونے والے 5 قومی ٹورنامنٹ میں مقابلے سخت اور کانٹے دار ہونگے لیکن انہیں کھلاڑیوں کی محنت اور عزم کی بدولت فتح سے ہمکنار ہونے کا یقین ہے۔
24 رکنی اسکواڈ کی ڈھاکا روانگی سے قبل حسنین عالم نے کہا کہ ایونٹ کے لیے 6 روزہ تربیتی کیمپ میں بھر پور تیاری کی گئی، بھر پور پریکٹس کے ساتھ کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی لیکن بلند بانگ دعویٰ نہیں کرسکتا، انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف انٹرنیشل سیریز کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں جبکہ ذہنی مضبوطی اور مکمل اعتماد ان کا اصل ہتھیار ہے، ایونٹ سے قبل مسلسل پریکٹس میں مصروف انگلینڈ اور میزبان بنگلہ دیش کی ٹیمیں تر نوالہ ثابت نہیں ہونگی۔ پاک فوج میں خدمات کے دوران بارودی سرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونیوالے میجر (ر) حسنین عالم نے کہا کہ ایونٹ میں 6 دسمبر کو یوم دفاع کے موقع پر روایتی حریف بھارت سے ہونے والے میچ میں فتح سے ہمکنار ہونے کے لیے جان لڑا دیں گے، ٹیم کے ہیڈ کوچ ظفر اقبال نے کہا کہ ٹیم کسی کو بھی ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
ٹیم منیجر امیر الدین انصاری نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں نظم و ضبط کے ساتھ بہترین اخلاق سے بھی دل جیتنے کی کوشش کرینگے، قبل ازیں کیمپ کی اختتامی تقریب میں مہمانان اعزازی جنید اشرف تالو، حنیف میمن اور حسن بخشی نے نیک خواہشات کا اظہار کیا، 10 ستمبر تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان، بنگلہ دیش، بھارت، انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، ڈھاکاکے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم پر افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم حسینہ واجد بحیثیت مہمان خصوصی مدعو ہیں، قومی ٹیم میں حسنین عالم (کپتان)،راؤ جاوید (نائب کپتان)، مطلوب قریشی، ریحان غنی مرزا، فیاض احمد، امیر احمد، دانش احمد، عبداللہ، عبداللہ آفریدی، عمیز الرحمان، فرحان سعید، جہانزیب ٹوانہ، عبداللہ اعجاز، محمد فیاض، نہار عالم، عارف رچڑڈ شامل ہیں، امیر الدین انصاری منیجر، محمد نظام اسسٹنٹ و میڈیا منیجر، ظفر اقبال چوہدری ہیڈ کوچ، محمد جاوید اسسٹنٹ کوچ، ڈاکٹر نعمان پالیکر فزیو، محمد شاکر خلجی ویڈیو انا لسٹ ہیں، قومی ڈس ایبلڈ ٹیم کے سفیر سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف کے ساتھ پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدرسلیم کریم بھی بنگلہ دیش روانہ ہوئے، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 3 ستمبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours