سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت نے ہمارے نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، اس کی جارحیت کا ایسا منہ توڑ جواب دیں گے کہ اس کی آنے والی نسلیں صدیوں تک یاد رکھیں گی۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمارے نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، بھارت کی اس بربریت کی مثال نہیں ملتی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے سیالکوٹ کے سرحدی گاؤں کندن پور کو چھلنی چھلنی کردیا ہے لیکن پاکستانی شہریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارت جان لے کہ جو قوم قربانیاں دینا جانتی ہے وہ اپنی سرزمین کے چپے چپے کی حفاظت کرنا بھی جانتی ہے، بھارتی جارحیت کا ایسا منہ توڑ جواب دیں گے کہ اس کی آنے والی نسلیں صدیوں تک یاد رکھیں گی کہ کسی دلیر، غیرت مند اور بہادر قوم سے مقابلہ ہوا تھا۔ اگر بھارت اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے باز نہ آیا تو پھر جنگ مختصر نہیں ہو گی اور بھارت جان لے کہ جنگ کی صورت میں نقصان اس کا ہی زیادہ ہو گا۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مودی سرکار نے اپنی حکومت کی ناکامی سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے سرحد پر اشتعال انگیزی کر رکھی ہے، بھارتی وزیراعظم کے آبائی حلقے گجرات کا یہ حال ہے کہ وہاں پر فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے ہیں جب کہ بھارت میں آزادی کی درجنوں تحریکیں بھی چل رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں، مدارس اور کندن پور پر حملہ کرنے والا ایک ہی دشمن ہے، بھارتی فوج کی جارحیت کا اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کی پشت پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے، ہم اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کو بھارتی جارحیت کے حوالے سے آگاہ کریں گے، وزیراعظم نواز شریف جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھارتی مداخلت کے ثبوت پیش کریں گے جب کہ اکتوبر میں دورہ امریکا کے دوران بھی بھارت کی خفیہ ایجنسی کے ثبوت پیش کریں گے۔ بین الاقوامی برادری کو آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم اپنی سرزمین کی حفاظت خود کرنے کے لئے تیار ہیں، ہم اس خطہ پاک سر زمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنے کریں گے چاہے اس کے لئے ہمیں کوئی بھی قربانی کیوں نہ دینی پڑے لیکن کسی میلی آنکھ کو پاکستان کی طرف اٹھتے ہوئے برداشت نہیں کریں گے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی پاکستان میں مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں، جو ملزمان پکڑے جا رہے ہیں ان کے را کے ساتھ تعلقات بغیر کسی شک کے سامنے آ رہے ہیں۔ بلوچستان میں جو علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں انھیں بھارت کی مکمل حمایت حاصل ہے، دہشت گرد بھارت کے پاسپورٹ سے سفر کرتے ہیں اور انھیں مالی معاونت اور اسلحہ بھی بھارت سے ہی ملتا ہے۔ دوسری جانب بھارت نے گزشتہ چند ماہ میں پاکستان پر گرداس پور، ادھم پور اور سمجھوتہ ایکسپریس کا الزام لگایا اور پھر کشتی والا ڈرامہ بھی رچایا لیکن اس کے سب الزامات جھوٹے ثابت ہوئے۔ بھارت نے خود سارے واقعات گڑھ کر پاکستان پر الزامات ڈالنے کی کوشش کی لیکن وہ بے نقاب ہو گئے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours