اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 4 ستمبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر جلسے کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے.
پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل فیصل جاوید عباسی نے اسلام آباد کے ڈی چوک پر 4 ستمبر کو پی ٹی آئی کے جلسے کی تصدیق کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس جلسے میں الیکشن کمیشن کے عملے کے خلاف احتجاج بھی کیا جائے گا۔
فیصل جاوید عباسی نے مزید بتایا کہ جلسے میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان الیکشن کمیشن کے عہدیداران کو مستعفی ہونے کے لیے آخری تاریخ دیں گے بصورت دیگر پی ٹی آئی اس جلسے کو دھرنے میں بھی تبدیل کرسکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان ڈی چوک کے جلسے میں الیکشن کمیشن کے خلاف دھرنے کی حکمت عملی بھی بتائیں گے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کے مستعفی ہونے کے مطالبے کے حوالے سے ملک کی تمام 21 سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے عمران خان کے اس مؤقف کی تائید اور حمایت کی ہے اور اگر تمام سیاسی جماعتوں نے ان کے مؤقف کی تائید کی تو سٹرکوں پر تحریک چلائی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ اگر الیکشن کمیشن کا عملہ مستعفی نہ ہوا تو پی ٹی آئی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے سامنے دھرنا دے گی۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours