کراچی: پی سی بی نے اہم معلومات میڈیا میں آنے کے بعد ’’گھر کے بھیدی‘‘ کی تلاش شروع کر دی، گذشتہ دنوں گورننگ بورڈ میٹنگ میں بھی اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا، ایک اعلیٰ شخصیت نے تمام ’’مشکوک‘‘ آفیشلز کی فون کالز کا جائزہ تک لینے کی اجازت طلب کی جو انھیں مل گئی، ماضی میں بھی بورڈ میں ایسا ہو چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی اہم معلومات سمیت کئی باتیں میڈیا میں آنے پر پی سی بی پریشان ہوگیا،اسے اس ’’گھر کے بھیدی‘‘ کی تلاش ہے جو صحافیوں کو یہ سب کچھ بتا رہا ہے، معاملہ اتنا سنجیدہ رخ اختیار کر چکا کہ گذشتہ دنوں لاہور میں منعقدہ گورننگ بورڈ میٹنگ کے دوران بھی اس پر تبادلہ خیال کیاگیا تھا، ذرائع کے مطابق اس موقع پر بورڈ کی ایک اعلیٰ شخصیت نے دعویٰ کیا کہ وہ ہر صورت یہ سب کچھ روک کر رہیں گے۔
انھوں نے ارکان سے کہا کہ انھیں اس سلسلے میں آفیشلز کی فون کالز کا جائزہ لینے سمیت سخت اقدامات کی اجازت دی جائے جس پر سب تیار نظر آئے، ذرائع نے مزید بتایا کہ پہلے ہی بورڈ میں تمام ملازمین کے فون بلز وغیرہ پر گہری نظر رکھی جاتی ہے، سوائے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے کسی کو بھی صحافیوں سے گفتگو کی اجازت نہیں، تمام ملازمین اسی وجہ سے ان کے فون بھی اٹینڈ نہیں کرتے، نئی صورتحال سے سب مزید محتاط ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ماضی میں بھی ملازمین پر گہری نظر رکھی جاتی رہی ہے، ایک اعلیٰ آفیشل کے کمرے سے تو باقاعدہ جاسوسی کے آلات پائے گئے تھے، اب بھی انٹرنیٹ پر اس شخصیت کی ایک سابق کرکٹر سے بات چیت کی آڈیو موجود ہے جس میں دونوں بعض کھلاڑیوں پر میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کر رہے ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours