اسلام آباد : پاکستان ایک بلین ڈالر کا یورو بانڈ جلد جاری کرے گا جس کے لئے فنانشنل ایڈوائزر کا تقرر جلد کیا جا رہا ہے۔ فنانشنل ایڈوائزر کے طور پر سٹی بینک‘ ڈوئچے بینک اور سٹینڈرڈ چارٹر بینک نے اپنی پیشکشیں جمع کرادی ہیں۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں فنانشل ایڈوائزر کا تقرر کر دیا جائے گا اور بانڈ کے اجراء کا روڈ میب تیار کرکے روڈ شوز کئے جائیں گے۔ بانڈ کے اجراء کا مقصد ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانا ہے۔ اس وقت ملک کے زرمبادلہ قریباً 19 بلین ڈالر ہیں جبکہ حکومت نے موجودہ کیلنڈر سال کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر کو21 بلین ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ حکومت اس ہدف کو پورا کرنے کے لئے سرمایہ کی یورو مارکیٹ سے ایک بلین ڈالر حاصل کرے گی جبکہ باقی زرمبادلہ کے حصول کے لئے نجکاری پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔ امریکہ سے کولیشن سپورٹ فنڈ‘ کیری لوگر بل اور آئی ایم ایف کی اقساط سے بھی مدد ملے گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت برسر اقتدار آنے کے بعد سے اب تک دوبار بانڈ جاری کر چکی ہے۔ حکومت نے اپریل 2014ء میں ایک بلین ڈالر کا یورو بانڈ جاری کیا تھا۔ حکومت نے بجٹ دستاویزات میں رواں مالی سال کے لئے 9بلین ڈالر کی غیر ملکی اعانت کا تخمینہ لگا رکھا ہے۔ یورو بانڈ کا اجراء بھی اس کا حصہ ہے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours