امریکی ہارر فلم کے ڈائریکٹر ویز کریوین کا 76 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔
وہ ’نائٹ میئر آن ایلم سٹریٹ‘ جیسی فلم کی فرنچائزی کے بانی تھے۔
امریکی میڈیا نے خبر دی ہے کہ کریوین کی موت برین کینسر (دماغ کے سرطان) کی وجہ سے ہوئی۔
ان کا انتقال اتوار کو لاس اینجلس میں ان کے گھر پر ہوا۔
خیال رہے کہ کریوین نے فلم ’اے نائٹ میئر آن ایلم سٹریٹ‘ فلم لکھی بھی اور اس کی ہدایت کاری بھی کی۔
یہ فلم سنہ 1984 میں منظر عام پر آئي تھی اور اس نے ہالی وڈ میں ’ہارر فلم کا ایک نیا معیار‘ قائم کیا۔
اس کے بعد فلم ’سکریم‘ کے تین سیکوئل آئے۔ اس سیریز کی پہلی فلم سنہ 1996 میں آئی تھی اور اس نے امریکہ میں 10 کروڑ امریکی ڈالر کی کمائي کی تھی۔
ان کی پہلی فلم ’دی لاسٹ ہاؤس آن دا لیفٹ‘ سنہ 1972 میں آئی تھی جسے انھوں نے خود ہی لکھا اس کی ہدایت کاری کی اور اس کی ایڈیٹنگ بھی کی۔
حال میں کریوین نے ٹی وی پروگرام بنانے کا ایک معاہدہ کیا تھا جن میں ایم ٹی وی کے لیے ’سکریم‘ کی نئی سیریز تیار کرنی تھی۔
اس کے علاوہ وہ ہارر ناول سیریز پر کام کر رہے تھے۔
کریوین اوہایو ریاست کے کلیولینڈ میں پیدا ہوئے تھے۔
کریوین کی چار فلموں میں اداکاری کرنے والے اداکار کورٹنی کوکس نے ٹوئٹر پر لکھا: ’آج دنیا ایک عظیم شخصیت سے محروم ہو گئی ہے۔ میرے دوست اور میرے مینٹر ویز کریوین نہیں رہے۔ ان کے اہل خانہ کے لیے میرا دل سوگوار ہے۔‘
سوگواروں میں ان کی اہلیہ اور فلم ساز ایا لیبونکا، بہن کیرول بہرو، بیٹا جوناتھن کریوین، بیٹی جیسیکا کریوین، سوتیلی بیٹی نینا ٹارناوسکی اور تین پوتے پوتیاں شامل ہیں۔
’ایلم سٹریٹ‘ اور ’سکریم‘ کے علاوہ ’دا ہلز ہیو آئیز‘ کے بھی کئی سیکوئل بنے۔
ان کے علاوہ انھوں نے جن تھریلر فلموں کی ہدایت کاری کی ان میں ’دا پیپل انڈر دا سٹیئرز‘، ’سویمپ تھنگز‘ اور ’سمر فیئر‘ شامل ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours