لندن: کرکٹ ورلڈکپ 2015 میں مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے آسٹریلوی آل راؤنڈر جیمز فالکنر پر نشے کی حالت میں گاڑی چلانے اور دوسری کار کو ٹکر مارنے کے جرم میں 15 ہزارڈالر سے زائد کا جرمانہ عائد کردیا گیا ہے جب کہ ان پر 2 سال تک ڈرائیونگ کرنے پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔

لندن کی عدالت نے مانچسٹر میں کار ایکسیڈنٹ کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر پر 15 ہزار 650 ڈالر کا جرمانہ عائد کیا اور ان پر 2 سال تک ڈرائیونگ کرنے کی پابندی بھی لگادی ہے جب کہ سزا کے طور پر انہیں الکوحل مینجمنٹ کلاسز بھی لینا پڑیں گی۔ جیمز فالکنر ان دنوں انگلینڈ میں لنکا شائر کاؤنٹی کی جانب سے میچز کھیلنے میں مصروف ہیں جب کہ فیصلے کے وقت عدالت میں کاؤنٹی کوچ ایشلے جائلز بھی موجود تھے۔ فیصلے کے بعد جیمز فالکنر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایکسیڈنٹ والے دن نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنا ان کا اپنا فیصلہ تھا اور وہ اس پر شرمندہ ہیں اور معافی مانگتے ہیں۔

عدالتی فیصلے سے قبل ہی آسٹریلوی بورڈ نے جیمز فالکنر پر ایک نمائندے کے طور پر غلط رویہ اختیار کرنے پرعارضی طور پر پابندی لگا رکھی ہے جس کے باعث وہ انگلینڈ اور آئر لینڈ کے خلاف اپنی ٹیم کی نمائندگی سے محروم ہوجائیں گے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours