کراچی: 2010 سے 2012 تک پاکستان میں تعینات رہنے والے امریکا کے سفیر سفیر کیمرون منٹر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ پر تشویش ہے، فریقین کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے سابق امریکی سفیر کیمرون منٹرکا کہنا تھا کہ میں پاکستان کا مستقبل تابناک دیکھ رہا ہوں۔

ڈان نیوز کے مطابق کیمرون منٹر نے یہ بھی کہا کہ بعض کاروباری لوگ اور سیاستدان پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے۔

پاک چائنہ اکنامک کوریڈور پر انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہدری منصوبے سے خطے میں پاکستان کی اہمیت بڑھے گی جبکہ اس راہداری سے خطے کے دوسرے ممالک بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔

افغانستان سے بہتر ہوتے پاکستان کے تعلقات ہر کیمرون منٹر نے کہا کہ پاک افغان تعلقات میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔
خیال رہے کہ کیمرون منٹر 27 اکتوبر 2010 کو بحیثیت سفیر پاکستان آئے تھے جبکہ انہوں نے 7 اکتوبر 2012 کو چارج چھوڑا تھا، پاکستان میں عمومی طور پر تین سال امریکی سفیر خدمات انجام دیتے ہیں۔

منٹر کی سفارت کے دور میں پاک امریکا تعلقات میں بہت زیادہ اتار چڑھاؤ آیا تھا۔

2 مئی 2011 کو ایبٹ آباد میں امریکی فوج کے اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن اور 26 نومبر 2011 کو ہی سلالہ میں حملے میں 24 پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کے وقت کیمرون منٹر ہی پاکستان میں سفیر تھے۔

خیال رہے کہ کمیرون منٹر پاکستان کے حوالے سے خیالات کا اظہار کرتے رہتے ہیں، امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں بھی ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کے مسائل حل نہیں کرسکتا۔ پاکستانیوں کو اپنے مسئلے خود ہی حل کرنا ہیں، جس کے لیے انہیں اچھی لیڈرشپ، گڈ گورننس اور مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours