سیالکوٹ: ورکنگ باؤنڈری پر سیالکوٹ کے مختلف سیکٹرز میں ہندوستانی فورسز کی جانب سے گذشتہ رات سے جاری فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں اب تک 7 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے.

ریسکیو اور رینجرز ذرائع کے مطابق ہندوستان کی جانب سے چار واہ، سجیت گڑھ، ہرپال اور چپراڑ سیکٹر پر گذشتہ رات سے شدید فائرنگ اور گولہ بار کا سلسلہ جاری ہے، جس نے 7 پاکستانی شہریوں کی جان لے لی جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے.

جاں بحق ہونے والوں میں باجرہ گڑھی کے ذوالفقار اور کندن پور کے مقصود، شہزاد، وقاص، اسلم اور ارشاد بی بی شامل ہیں.

ہندوستانی فورسز کی جانب سے عام آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں متعدد مویشی بھی ہلاک ہوگئے اور مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا.

پنجاب رینجرز کی جانب سے بھی ہندوستانی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے.

دوسری جانب ہندوستان کے این ڈی ٹی وی نے ہندوستانی فورسز کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں آر ایس پورا اور آرنیا سیکٹرز پر پاکستانی فورسز کی بھاری شیلنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 انڈین شہری ہلاک جبکہ 22 زخمی ہوگئے.

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دونوں جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔

پاکستان نے گزشتہ 10 روز کے دوران 2 بار ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج کیا.

17 اگست کو ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ہندوستانی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر کوٹلی کے مقام پر بلا اشتعال شیلنگ سے ایک خاتون سمیت 3 شہریوں کی ہلاکت اور 15 کے زخمی ہونے پر طلب کیا گیا تھا، بعد ازاں 19اگست کو جندکروٹ اور نکھیال سیکٹرز میں بھی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری کی ہلاکت جبکہ چار کے زخمی ہونے پر ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا.

پاکستان کی جانب سے ہندوستان کو آگاہ کیا گیا کہ دو ماہ میں 70 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours