سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’فیس بُک‘ کے سربراہ مارک زکربرگ کے مطابق پہلی بار ایک دن میں فیس بُک استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرگئی ہے۔
انھوں نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ فیس بُک نے یہ ’سنگِ میل‘ پیر کوعبور کیا ’جب دنیا میں رہنے والے ہر سات افراد میں سے ایک صارف نے اپنے خاندان اور دوستوں سے رابطے کے لیے فیس بُک کا استعمال کیا۔‘
ایک ماہ میں کم از کم ایک بار فیس بُک استعمال کر نے والے فیس بُک صارفین کی تعداد تقریباً ایک ارب 50 کروڑ ہے لیکن ایک دن میں ایک ارب صارفین کا فیس بُک استعمال کرنا بہت زیادہ تھا۔
اکتوبر سنہ 2012 میں سماجی رابطوں کی اس ویب سائٹ کے صارفین کی تعداد ایک ارب تک پہنچ گئی تھی۔
جمعرات کو اپنی ایک پوسٹ میں اُنھوں نے پیش گوئی کی کہ فیس بُک کے صارفین کی تعداد مزید بڑھتی رہے گی۔
مارک زکر برگ نے لکھا کہ ’پہلی مرتبہ ہے کہ ہم نے یہ سنگِ میل عبور کیا ہے اور یہ پوری دنیا کو ملانے کا صرف آغاز ہے۔‘
جولائی میں فیس بُک نے دعویٰ کیا تھا کہ دنیا بھر میں نصف سے زائد آن لائن صارفین نے ایک ماہ میں کم از کم ایک مرتبہ ویب سائٹ کا دورہ کیا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours