کراچی: پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو اگلا ٹی ٹوئنٹی کپتان قرار دیتے ہوئے انہیں ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ڈراپ کرنے کے پیچھے کسی سازش کے عنصر کو یکسر مسترد کردیا ہے۔


سری لنکا کے خلاف دو ٹی 20 میچوں میں قومی ٹیم میں سرفراز کی جگہ محمد رضوان کو موقع دیا جس پر ٹی وی و اخبارات کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر ٹیم منیجمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے بھی وکٹ کیپر بلے باز سرفراز کو نہ کھلانے پر حیرانی ظاہر کی تھی۔


پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے بھی کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز کو ڈراپ نہیں کیا گیا بلکہ آئندہ سال شیڈول ورلڈ ٹی 20 کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں دونوں میچوں میں آرام کرایا گیا۔


ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی نے کراچی میں دارالسکون کا دورہ کیا اور وہاں موجود بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کے ساتھ ساتھ شاہدآفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے دارالسکون کو 20 لاکھ روپے کا چیک دیا۔


میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ سرفراز ٹیم کا اہم حصہ ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ وہ دلیر کھلاڑی ہے جو کسی بھی نمبر پر کھیل سکتا ہے۔


ٹی ٹوئنٹی قائد نے آئندہ سیریز میں بھی مختلف کامبی نیشن آزمانے کا عندیہ دیا۔


میڈیا سے گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی فیلڈنگ میں بہتری آئی ہے جس کا کریڈٹ کوچز کو جاتا ہے جنہوں نے کھلاڑیوں کےساتھ سخت محنت کی۔
سرفراز اگلے ٹی ٹوئنٹی کپتان


ادھر قومی ٹیم کے کوچ وقار یونس نے بھی سرفراز کو ٹی ٹوئنٹی سے ڈراپ کرنے کے پیچھے کسی بھی سازش کے عنصر کو یکسر مسترد کردیا۔


ماضی کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر نے کہا کہ سرفراز احمد پاکستان کے اگلے ٹی 20 کپتان ہیں اور انہیں سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں نہ کھلانے کے پیچھے کوئی سازش نہیں تھی۔


انہوں نے بھی کپتان شاہد آفریدی کا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں مختلف کامبی نیشن آزمانے پڑتے ہیں اور آئندہ سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کو دیکھتے ہوئے مختلف کامبی نیشن آزمائے گئے۔


وقار نے بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ کسی بھی کھلاڑی ٹیم سے ڈراپ کرتے وقت اعتماد میں لیا جاتا ہے، میرے لیے تمام کھلاڑی برابر ہیں اور میں کسی زیادتی کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours