انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 78 رنز سے شکست دے کر ایشز ٹرافی دوبارہ حاصل کر لی ہے۔

ناٹنگھم میں ٹرینٹ برج کے میدان پر کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلوی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 331 رنز بنانا تھے لیکن وہ تیسرے دن اپنی دوسری اننگز میں 253 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

اس میچ میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 60 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ نے جو روٹ کی سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر بڑی سبقت حاصل کر لی تھی۔

سنیچر کو جب کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ کو فتح کے لیے تین وکٹیں درکار تھیں جو انگلش بولروں نے پہلے سیشن میں ہی حاصل کر لیں۔

آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز مچل سٹارک تھے جو بین سٹوکس کی اس اننگز میں چھٹی وکٹ بنے جبکہ اگلے ہی اوور میں وڈز نے ہیزل وڈ کو صفر پر بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو فتح کے مزید قریب پہنچا دیا۔

ووڈز نے ہی لیون کو بولڈ کر کے آخری آسٹریلوی وکٹ بھی حاصل کی۔

پہلی اننگز میں 60 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہونے والی آسٹریلوی ٹیم کے اوپنرز تو دوسری اننگز میں نسبتاً بہتر کھیلے لیکن مڈل آرڈر میں ایڈم ووجز کے علاوہ باقی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن ہی رہی۔

پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے آسٹریلوی اوپنرز کرس روجرز اور ڈیوڈ وارنر نے اس اننگز میں نصف سنچریاں بنائیں اور ووجز بھی 51 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس 21 اوورز میں 36 رنز کے عوض چھ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ وڈز نے تین اور پہلی اننگز میں آٹھ وکٹیں لینے والی سٹوئرٹ براڈ نے ایک وکٹ لی۔

واضح رہے کہ اس فتح کے نتیجے میں پانچ ٹیسٹ میچوں کی ایشز سیریز میں انگلینڈ کو تین ایک کی ناقابلِ شکست برتری ہوگئی ہے۔

کارڈف میں کھیلے گئے ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 169 رنز سے شکست دی تھی تاہم لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 405 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔

اس کے بعد برمنگھم میں کھیلے جانے والے ایشز سیریز کے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر برتری حاصل کر لی تھی۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours