آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ وہ انگلینڈ میں جاری ایشز سیریز کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

انھوں نے یہ بات ناٹنگھم میں انگلش ٹیم کے ہاتھوں اپنی ٹیم کی ایک اننگز اور 78 رنز سے شکست اور ایشز ٹرافی ہارنے کے بعد کہی۔

مائیکل کلارک کا کہنا تھا کہ ’میرے پاس ایک ٹیسٹ میچ بچا ہے اور پھر میرا کریئر ختم ہو جائے گا۔ میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیر باد کہہ رہا ہوں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میں اپنی ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کر نہیں جا رہا اور اوول میں آخری ٹیسٹ میچ کھیلوں گا۔‘

خیال رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں فتح کے بعد کلارک نے ون ڈے کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

34 سالہ کلارک نے کہا کہ ’آپ کا دل کھیل سے الگ ہونے کو نہیں چاہتا لیکن اس سیریز اور حالیہ چند مہینوں میں میری کارکردگی خود میرے لیے قابلِ قبول نہیں رہی ہے۔‘

طویل عرصے سے کمر میں تکلیف کی وجہ سے کلارک کی کارکردگی حالیہ دنوں میں کافی خراب رہی ہے۔ وہ اپنی گذشتہ آٹھ ٹیسٹ اننگز میں صرف 16 کی اوسط سے ہی رنز بنا پائے ہیں۔

آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ وہ انفرادی طور پر کارکردگی دکھا کر ایک سپہ سالار کے طور پر ٹیم کی قیادت کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں اور انھوں نے اپنی سی کوشش بھی کی لیکن شکست ان کا مقدر بنی۔

کلارک کا کہنا تھا کہ ’اب وقت آ گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی نئی نسل اور ایک نیا کپتان اگلے ایشز کی تیاری کرے۔‘

مائیکل کلارک نے تین برس تک نائب کپتانی کرنے کے بعد اپریل 2011 میں رکی پونٹنگ کی جگہ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت سنبھالی تھی۔

کلارک کا ٹیسٹ کریئر 114 میچوں پر محیط رہا ہے اور ایشز سیریز کا اوول میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ ان کے کریئر کا آخری اور 115واں ٹیسٹ ہوگا۔

انھوں نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں 49 سے زیادہ کی اوسط سے 8628 رنز بنائے ہیں جن میں 28 سنچریاں اور 27 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours